زلزلہ : ٹونٹی ٹونٹی میچ زیر غور | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ حالیہ سیریز کے دوران ہی زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ایک بیس بیس اوورز کا ایک امدادی میچ کروانے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ بورڈ کے صدر شہر یار خان کا کہنا تھا کہ جب بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر شرد پوار پاکستان آئیں گے تو وہ ان کے ساتھ اس میچ اور اس کی شیڈول کی بات کریں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر شرد پوار کراچی میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آ رہے ہیں اور وہ لاہور میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کو دیکھنے بھی آئیں گے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والی اس سیریز کا شیڈول بہت ٹائیٹ ہے اور پی سی بی کو پہلے ہی عید الاضحی اور عاشورہ محرم کے لیے خصوصاً ایک روزہ میچز کا شیڈول طے کرنے میں کافی دقت کا سامنا رہا ہے۔ خود پی سی بی کے چیئرمین نے بھی یہ بات تسلیم کی کہ اس ٹونٹی ٹونٹی میچ کو اس شیڈول میں فٹ کرنا بھی کافی بڑا مسئلہ ہے۔ اس سیریز کے دوران صرف دو ایسے گیپ ہیں۔ کراچی میں ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ اور پہلے ون ڈے کے درمیان تین دن ہیں اور اس کے بعد پہلے اور دوسرے ون ڈے کے درمیان چار دن کا وقفہ ہے لیکن عاشورہ محرم کی وجہ سے اس میں کوئی میچ نہیں کروایا جا سکتا۔ شہر یار خان نے کہا کہ اگر یہ میچ ہوا تو صرف پہلے ایک روزہ سے پہلے ہی ہو سکتا ہے لیکن اس کے لیے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کی مرضی شامل ہونا ضروری ہے۔ شہر یار خان نے کہا کہ اگر وہ کسی طرح بھی یہ امدادی میچ نہ کروا سکے تو پہلے کی طرح ایک ون ڈے کی آمدنی تو ریلیف فنڈ میں ضرور دیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کی ٹیم کو بھی ٹونٹی ٹونٹی امدادی میچ کھیلنے کے لیے کہا تھا لیکن وہ اس پر آمادہ نہ ہوئے البتہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے زلزلہ زدگان کے ریلیف فنڈ کے لیے ایک لاکھ پاؤنڈ یعنی ایک کروڑ روپے دیے تھے جبکہ انگلینڈ ٹیم کے کھلاڑی اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں زلزلے سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کے لیے گئے تھے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان راہول ڈراوڈ نے پاکستان آکر اپنی پہلی پریس کانفرنس میں زلزلے کے متاثرین کے لیے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرحد کے دونوں جانب متاثر ہونے والے لوگوں کے دکھ میں شریک ہیں لیکن ان کی امداد کے لیے کسی امدادی میچ کے بارے میں وہ انفرادی حثیت میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ایک میچ کی پوری آمدنی اور بقیہ چار میچوں کی دس فیصدآمدنی زلزلے کے متاثرین کے صدارتی ریلیف فنڈ میں دی تھی۔ | اسی بارے میں پاکستانی ٹیم کا دورۂ بھارت مشکوک15 February, 2005 | کھیل شہریار مستعفی ہونے پر آمادہ14 January, 2005 | کھیل ’سیریز ورلڈ کپ کی تیاری ہے‘28 May, 2005 | کھیل شہریارخان کا دفترخارجہ سے رابطہ10 February, 2005 | کھیل وقار، شہریار ملاقات پیر کو20 February, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||