بھارتی ٹیم مضبوط پوزیشن میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
احمد آباد میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن وی وی ایس لکشمن کی سنچری اور ہر بھجن سنگھ کی شاندار بالنگ کی بدولت بھارتی ٹیم مضبوط پوزیشن میں آ گئی ہے۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں ایک سو اکتیس رن بنائے تھے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ اس سے قبل بھارت کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 398 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ دوسرے دن جب کھیل شروع ہوا تو لکشمن اور عرفان پٹھان نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کے سکور کو تین سو آٹھ رن تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر لکشمن شاندار سنچری مکمل کرنے کے بعد ایک سو چار رن بنا کر معروف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران چودہ چوکے لگائے۔ لکشمن اور عرفان پٹھان کے درمیان ایک سو پچیس رن کی شراکت ہوئی۔ جب بھارت کا سکور 385 رن پر پہنچا تو عرفان پٹھان بیاسی رن بنا کر معروف ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ عرفان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کے بقیہ بلے بازوں نے ٹیم کا سکور 398 تک پہنچا دیا۔ سری لنکا کی جانب سے مرلی دھرن اور ملنگا نے تین ، تین جبکہ معروف اور بنڈارا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکن اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف چودہ کے مجموعی سکور پر عرفان پٹھان نے تھارنگا کو آؤٹ کر کے بھارت کو پہلی کامیابی دلوائی۔ تھارنگا نے 2 رن بنائے۔ اتاپتو اور سنگاکارا نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں ساٹھ رن کا اضافہ کیا۔ اس موقع آف سپنر ہربھجن سنگھ نے یکے بعد دیگرے سری لنکن کپتان اتاپتو اور مہیلا جیاوردھنے کو آؤٹ کر دیا۔ سری لنکا کی چوتھی وکٹ بیاسی کے مجموعی سکور پر گری جب سماراویرا ہربھجن کی گیند پر ہی محمد کیف کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ وکٹ کیپر سنگاکارا کو بھی ہربھجن سنگھ نے105 کے مجموعی سکور پر آؤٹ کر دیا۔ انہوں نے اکتالیس رن بنائے۔ بھارت کی جانب سے ہربھجن سنگھ نے چوبیس رن دے کر چار اور عرفان پٹھان نے چھتیس رن کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کو اس میچ میں کپتان راہول ڈراوڈ کی خدمات حاصل نہیں ہیں اور کپتانی کی دمہ داری وریندر سہواگ کو سونپی گئی ہے۔ بھارت کو اس سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ بھارتی ٹیم: گوتم گمبھیر، وریندر سہواگ، وی وی ایس لکشمن، سچن تندولکر، یوراج سنگھ، محمد کیف، مہندر دھونی، عرفان پٹھان، اجیت اگرکار، انیل کمبلے، ہربھجن سنگھ سری لنکن ٹیم: مارون اتاپتو، مہیلا جیا وردھنے، تھارانگا، کمارا سنگاکارا، سمارا ویرا، جیہان مبارک، تلکارتنے دلشان، سی بنڈارا، مہروف، مرلی دھرن، ملنگا | اسی بارے میں احمدآباد: پہلا دن بالروں کے نام18 December, 2005 | کھیل راہول ڈراوڈ کی شمولیت مشکوک17 December, 2005 | کھیل دلی ٹیسٹ میں بھارت کی فتح14 December, 2005 | کھیل سوروگنگولی بھارتی ٹیم سے باہر14 December, 2005 | کھیل دلی ٹیسٹ: بھارت کا پلہ بھاری13 December, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||