دلی ٹیسٹ: بھارت کا پلہ بھاری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دلی میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جا رہا دوسرا ٹیسٹ میچ دلچسپ مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ میچ کے آخری دن دو سیشن کا کھیل باقی ہے اور جیتنے کے لیے سری لنکا کو مزید ایک سو بہتر رن کی ضرورت ہے جبکہ بھارت کو صرف تین وکٹیں درکار ہیں۔ ٹیسٹ میچ کے آخری دن جب کھانے کا وقفہ ہوا تو سری لنکن بلے باز مہیلا جے وردھنے تنتالیس جبکہ چمندا واس ایک رن پر کھیل رہے تھے۔ پانچویں دن سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں جیہان مبارک تین اور تلکا رتنے دلشان بتیس رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ چوتھے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو تیئس رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل بھارت نے اپنی دوسری اننگز تین سو پچھہتر رن چھ کھلاڑی آؤٹ پر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور سری لنکا کو جیتنے کے لیے چار سو چھتیس رن کا ہدف فراہم کیا تھا۔ دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں چوتھے دن کا کھیل دیکھنے کے لیے صبح سے ہی کرکٹ شائقین اسٹیڈیم میں جمع ہونے شروع ہوگئے تھے۔ بھارت کی جانب سے یوراج سنگھ اور سورو گنگولی نے بھارت کے گزشتہ دن کے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا مگر گنگولی صرف 39 رنز بنا کر مرلی دھرن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ گنگولی کے بعد یوراج سنگھ اور دھونی نے دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں۔ یوراج سنگھ 77 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دھونی نے ناقابلِ شکست 51 رنز بنائے ۔ سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ صرف تیس کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب گناوردھنے کو عرفان پٹھان نے 9 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ تاہم کپتان اتاپتو اور وکٹ کیپر کمارا سنگاکارا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اناسی رن بنائے۔ اس موقع پر سنگاکارا تینتیس رن بنا کر اگرکار کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ مارون اتاپتو نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور انہیں سڑسٹھ کے انفرادی سکور انیل کمبلے نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر دیا۔ یہ پچیسواں موقع تھا کہ جب انیل کمبلے نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ہی گیند پر کسی کھلاڑی کا کیچ لیا جو کہ ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا میں ایک ریکارڈ ہے۔ اتاپتو کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی وکٹیں تیزی سے گرنا شروع ہو گئیں اور مجموعی سکور میں صرف چار رن کے اضافے کے ساتھ سری لنکا کے مزید دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ بھارت کی جانب سے انیل کمبلے نے دو جبکہ اجیت اگرکار، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ |
اسی بارے میں پیٹرسن زخمی ہو کر وطن واپس13 December, 2005 | کھیل سکیورٹی ایک خاتون ہار گئی 13 December, 2005 | کھیل دہلی ٹیسٹ میں سپن کا جادو11 December, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||