چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہاکی ٹیم کا انتخاب | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی نے دس سے اٹھارہ دسمبر تک بھارت کے شہر چنائی میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے اِسی سال جرمنی میں ہونے والے روبو بینک ہاکی ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم میں صرف دو تبدیلیاں کی ہیں۔ غضنفر علی، جنہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے لگائے گئے کیمپ میں رپورٹ ہی نہیں کیا اور یورپ میں لیگ کھیل رہے ہیں، کی جگہ سجاد انور کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اختر رسول کے مطابق کاشف یعقوب نے روبو بینک ٹرافی میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی اس لیے ان کی جگہ وقار شریف کو رکھا گیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اختر رسول نے کہا کہ ٹیم کوچ اور کپتان کے مشورے سے منتخب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی گئی ہے کہ روبو بینک ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا ونگ کمبینیشن قائم رکھا جائے اور اس لیے زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئیں۔ ٹیم کے کپتان بدستور سینٹر ہاف کی پوزیشن پر کھیلنے والے محمد ثقلین ہی رہیں گے جبکہ نائب کپتانی مدثر علی خان کو سونپی گئی ہے۔ محمد ثقلین کے مطابق ٹیم کے انتخاب میں ان سے مشورہ کیا گیا اور ٹیم بہت متوازن ہے ۔ محمد ثقلین پر روبو بینک ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں ایک آسٹریلوی کھلاڑی کو جان بوجھ کر ہاکی مارنے کا الزام ہے اور انہیں اسی سلسلے میں عالمی ہاکی فیڈریشن نے پچیس نومبر کو سوٹزر لینڈ کے شہر لوزین میں جواب طلبی کے لیے بلایا ہے۔ ثقلین اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ انہوں نے ہاکی جان بوجھ کر ماری تھی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری ریٹائرڈ بریگیڈیر مسرت اللہ خان کا کہنا ہے کہ فیڈریشن نے ایف آئی ایچ کے سامنے ثقلین کا مقدمہ لڑنے کے لیے لاہور کی ایک معروف لاء فرم کی خدمات حاصل کی ہیں اور ثقلین کی بجائے ان کے وکیل ایف آئی ایچ کے سامنے پیش ہو کر پیروی کرے گا۔ مسرت اللہ خان کے مطابق انہیں امید ہے کہ ثقلین پر کوئی پابندی نہیں لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ پابندی لگنے کی صورت میں ان کے پاس متبادل سینٹر ہاف موجود ہے۔ چنائی میں ہونے والے اس چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں دنیائے ہاکی کی چھ بڑی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اس ٹورنامنٹ سے دو روز پہلے آٹھ دسمبر کو چنائی میں ہی پاکستان اور بھارت کی ایک مشترکہ ٹیم اور بقیہ چار ٹیموں پر مشتمل ٹیم کے درمیان ایک میچ منعقد کر رہی ہے۔ یہ میچ ٹی وی پر براہ راست نشر ہو گا اور اس میچ کی تمام آمدنی پاکستان میں زلزلہ سے تباہ حال لوگوں کے ریلیف فنڈ میں دی جائے گی۔ پاکستان کی ٹیم سلمان اکبر، ناصر احمد، ذیشان اشرف، محمد عمران، عمران وارثی، عمران خان، محمد ثقلین، دلاور بھٹی، عدنان مقصود، سجاد انور، ریحان بٹ، مدثر علی خان، شکیل عباسی، طارق عزیز، شبیر احمد، عدنان ذاکر، وقار شریف، اختر علی۔ | اسی بارے میں ہاکی: پاکستان نے فائنل جیت لیا22 August, 2005 | کھیل اختررسول ہی چیف سلیکٹر23 August, 2005 | کھیل پاکستان: ہاکی ٹیم کیلیےانعام 28 August, 2005 | کھیل رویہ بہتر رکھوں گا: محمد ثقلین28 August, 2005 | کھیل سپر ہاکی لیگ شروع ہوگئی09 September, 2005 | کھیل کھلاڑی بھی امدادی مہم میں آگے13 October, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||