کراچی دھماکہ، برطانوی تشویش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں منگل کے روز ہونے والے بم دھماکے نے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے پندرہ دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ کھیلنا ہے اور یہ دھماکہ اس ہوٹل کے قریب ہوا ہے جہاں آئندہ ماہ برطانوی ٹیم قیام پذیر ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور انگلش ٹیم منیجمنٹ نے اگرچہ اس بارے میں خاص تشویش ظاہر نہیں کی لیکن وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے مستقل رابطے میں ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین کہتے ہیں کہ مہمان ٹیم اس صورتحال پر اپنے ہائی کمیشن اور سکیورٹی ٹیم سے بھی صلاح مشورہ کررہی ہے اس مرحلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور ای سی بی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ صورتحال کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہی کراچی میں ون ڈے کھیلنے یا اسے کہیں دوسری جگہ منتقل کرنے کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو کراچی میں سکیورٹی ایجنسیز کی رپورٹ کا بھی انتظار ہے کہ کہیں اس واقعہ کا عکس اس دورے پر تو نہیں پڑ رہا؟ انہیں توقع ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پروگرام کے مطابق کراچی میں ون ڈے کھیلے گی۔ شہریارخان نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کو یہ باور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ان کے لیے سخت سکیورٹی پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہے جس میں خلل ڈالنا بہت مشکل ہے۔ شہریارخان نے اس سوال پر کہ اس واقعے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کراچی میں کھیلنے سے انکار کرسکتا ہے؟ جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس کا انحصار بھارتی حکومت پر ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات کسی بھی وقت کہیں بھی ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ دہلی میں بم دھماکہ ہوا تو اس وقت سری لنکا کی ٹیم بھارتی دورے پر تھی جبکہ لندن میں ہونے والے بم دھماکے ایشز کے دوران ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ کراچی میں ہی سنہ 2002 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ہوٹل کے باہر بم دھماکہ ہوا تھا جس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی۔ ادھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے حکام نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ برطانوی ٹیم فیصل آباد کے نواح میں مسیحی اور مسلمان آبادی کےدرمیان کشیدگی کے باوجود بیس نومبر سے فیصل آباد میں شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ ٹیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ہمارے ماہرین کے مطابق فیصل آباد میں حالات پر سکون ہیں۔ اور علاقے میں تشدد پھیلنے کا خطرہ نہیں‘۔ | اسی بارے میں بھارت کراچی ٹیسٹ کیلیے’رضامند‘12 November, 2005 | کھیل کراچی میں ٹیسٹ، پاکستان کی امید05 November, 2005 | کھیل ’سٹیڈیم کامستقبل تاریک نہیں‘17 August, 2005 | کھیل ’انگلینڈ کا فیصلہ غلط نہیں ہے‘06 July, 2005 | کھیل انگلینڈ کا دورہ پاکستان یا پنجاب؟06 July, 2005 | کھیل کراچی میں کھیلنے سے انکار05 July, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||