’انگلینڈ کا فیصلہ غلط نہیں ہے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی کے شائقین کو انگلینڈ کے کراچی میں ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے اور ان کی اکثریت کا خیال ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، انگلینڈ کو مناسب انداز میں قائل کرنے میں اپنا کرادار ادا نہیں کر سکا۔ لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان انگلینڈ کے کراچی میں ٹیسٹ نہ کھیلنے کے فیصلے کو غلط نہیں سمجھتے۔ عمران خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اس وقت تقریباً ہر روز قتل ہو رہے ہیں اور پھر ایسے وقت میں جب انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی معائنہ ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے، سٹی ناظم نعمت اللہ کا یہ بیان سامنے آتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں قتل وغارت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات کی روشنی میں کوئی بھی ٹیم کراچی کو کیسے محفوظ شہر سمجھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کیسے توقع کرسکتا ہے کہ وہ انگلینڈ کی ٹیم یہاں ٹیسٹ کھیلے گی۔ عمران خان اس صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو قصوروار نہیں سمجھتے۔ ان کا کہنا ہے کہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کی سکیورٹی میں فرق ہوتا ہے۔ ٹیسٹ میچ کے لئے ٹیم کو اس شہر میں ایک ہفتے ٹھہرنا ہوتا ہے جبکہ ون ڈے صرف ایک دو دن کی بات ہے۔ جہانتک پاکستان کرکٹ بورڈ کا تعلق ہے اگر وہ انگلینڈ پر زیادہ دباؤ ڈالتا ہے اور کراچی میں ٹیسٹ کرانے پر اصرار کرتا ہے تو اس صورت میں دورے کی منسوخی کا بھی خطرہ ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہوگا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||