’سٹیڈیم کامستقبل تاریک نہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف آئندہ سال ہونے والی سیریز میں ایک ٹیسٹ میچ کراچی میں بھی تجویز کیا گیا ہے۔ بورڈ نے اس بات سے انکار کیا کہ کراچی کے ٹیسٹ سنٹر کا مستقبل تاریک ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایڈہاک کمیٹی کے طویل اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتائی۔ شہریارخان سے جب یہ سوال کیا گیا کہ ایک طرف تو ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لئے تیار نہیں اور دوسری جانب کرکٹ بورڈ اس کے توسیعی منصوبے پر کروڑوں خرچ کررہا ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ ٹیسٹ سینٹر کے طور پر کراچی کا مستقبل تاریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایک روزہ میچ کے بعد بعد کراچی کے بارے میں منفی تاثر ختم ہوجائےگا۔ شہریارخان کی توجہ جب اس جانب مبذول کرائی گئی کہ انگلینڈ کے خلاف کراچی میں ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے بارے میں آپ کے ساتھیوں کے متضاد بیانات سامنے آچکے ہیں جن میں یہ تک کہا گیا ہے کہ کراچی کو سرے سے ٹیسٹ میچ کے لئے تجویز ہی نہیں کیا گیا تھا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ کراچی کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لئے تجویز کیا گیا تھا لیکن برطانوی حکومت اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کراچی میں کھلاڑیوں کو زیادہ دن ٹھہرانے پر راضی نہیں تھے۔ شہریارخان کا کہنا ہے کہ اگر انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے دورے سے انکار کردیتی تو اس کا پاکستانی کرکٹ کوبہت نقصان ہوتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ کراچی لاہور اور ملتان کے ا سٹیڈیموں میں ڈیجیٹل اسکرین اور اسکور بورڈز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سابق سربراہ توقیرضیا کے دور میں بھی کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیموں میں بھاری رقوم خرچ کر کے اسکرینیں نصب کی گئی تھیں جن کے بارے میں شہریارخان کا کہنا ہے کہ ملایشیا سے منگوائی گئی ان اسکرینوں میں تیکنیکی خرابیاں سامنے آئی ہیں۔ان کا دعویٰ ہے کہ اس مرتبہ تمام منصوبے شفاف عمل سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ شہریارخان نے قومی اور علاقائی اکیڈمیوں کو منظم خطوط پر استوار کرنے کا بھی اعلان کیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||