 |  انگلینڈ کو پاکستان میں سکیورٹی کے خدشات ہیں۔ |
پاکستان نے انگلینڈ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کو ملتان سے راولپنڈی منتقل کرنے کے مطالبے کو رد کر دیا ہے۔ انگلینڈ پہلے ہی کراچی میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انگلینڈ نے کراچی میں ایک کی بجائے دو ون ڈے میچ کھیلنے کی پاکستان تجویز بھی مسترد کر دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آپریشنل ڈائریکٹر سلیم الطاف نے کہا ہے کہ انگلینڈ نے ملتان میں سکیورٹی اور رہائش کے انتظامات پر اعتراضات کرتے ہوئے تجویز کیا تھا کہ پہلے ٹیسٹ کو راولپنڈی منتقل کر دیا جائے۔ سلیم الطاف نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے اس مطالبے کو رد کر دیا ہے۔ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے ان اطلاعات کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے۔ ای سی بی کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کئی مسائل پر بات چیت ہوئی ہے جن میں کراچی سب سے زیادہ متنازعہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ کراچی کے علاوہ ساری بات چیت پرائیوٹ ہے۔ پاکستان کے انگریزی اخبار دی نیوز اخبار کے مطابق انگلینڈ نے ملتان میں ہوٹل اور گراؤنڈ کے درمیان فاصلے کی بنا پر کھلاڑیوں کی سکیورٹی پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔ |