انگلینڈ کے دورۂ پاکستان کا شیڈول | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ نے برطانوی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے حتمی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ اس شیڈول کے مطابق برطانوی کرکٹ ٹیم کراچی میں صرف ایک ون ڈے میچ کھیلے گی۔ دورۂ برطانیہ کےشیڈول کے لیے کافی عرصے سے دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان بات چیت ہو رہی تھی۔ کئی دنوں سے جاری اس طویل بحث مباحثے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو پاک برطانیہ کرکٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کیا۔ برطانوی کرکٹ ٹیم چھبیس اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی اور سب سے پہلے دو تین روزہ پریکٹس کھیلے گی۔ پہلا تین روزہ اکتیس اکتوبر سے تین نومبر تک پنڈی سٹیڈیم راولپنڈي میں ہو گا۔ دوسرا پریکٹس میچ باغ جناح لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ممالک کی ٹیمیں ملتان روانہ ہو جائیں گی جہاں بارہ سے سولہ نومبر تک پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں بیس سے جوبیس نومبر تک کھیلا جائے گا۔ تیسرا ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیمیں انتیس نومبر سے تین دسمبر تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔ سات دسمبر کو لاہور کے باغ جناح میں ایک ون ڈے پریکٹس میچ کے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز ہو گا۔ پہلے دونوں ایک روزہ میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں دس اور بارہ دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ کراچی میں ہونے والا اکلوتا میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پندرہ دسمبر کو ہو گا۔ بائیس دسمبر کو برطانوي ٹیم اٹھاون دن پاکستان میں گزار کر واپس روانہ ہو جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس دورے کا شیڈول طے کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔دورے سے متعلقہ بات چیت کے آغاز ہی میں ہی انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ایک سیکیورٹی وفد بھی پاکستان بھیجا جس نے تمام مجوزہ مقامات کا دورہ کیا۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن جان کار بھی پاکستان آئے اور ان کے سامنے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی میں دو ایک روزہ میچز کرانے کی تجویز رکھی تاہم انہوں نے صرف ایک میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی۔ برطانیہ میں بم دھماکوں کے بعد بھی ایک غیر یقینی کی کیفیت طاری ہوئی۔ آج شیڈول کے اعلان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا دائریکٹر عباس زیدی نے اسے پی سی کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ عباس زیدی کے بقول ایک ون ڈے میچ پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو آمادہ کرنا بھی ایک کامیابی ہے۔ عباس زیدی کا تو یہاں تک کہنا تھا کہ لندن بم دھماکوں کے بعد جو حالات پیدا ہوئے ان کے بعد دورے کی منظوری اور شیڈول کا اعلان بھی پی سی بی کا کارنامہ ہے۔ عباس زیدی نے کہا کہ انہوں نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو جن مقامات کا کہا ان میں صرف کراچی میں دو ایک دوزہ میچز کی تجویز ہی نہیں مانی گئی باقی ہماری تمام تجاویز کو مان لیا گیا۔ یاد رہے کہ اس دورے کے شیڈول کے لیے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے اپنی حکومتوں سے بھی مشورہ کیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||