بینک الفلاح پاک انگلینڈ سیریز | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پچیس اکتوبر سے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کے لیے ٹائٹل سپانسر شپ کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں پی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن سلیم الطاف نے بتایا کہ بینک الفلاح کو اس سیریز کے ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں طرح کے میچز کے لیے ٹائٹل سپانسر شپ دی گئی ہے اور اس سیریز کا نام بینک الفلاح کپ رکھا گیا ہے۔ بینک الفلاح اس ٹائٹل سپانسر شپ کے لیے پی سی بی کو محض ڈیڑھ کروڑ روپے دے گا۔ سلیم الطاف کے مطابق پی سی بی کو اس سیریز کی ٹائٹل سپانسر شپ کے لیے چند کمپنیوں نے بولی دی تھی جن میں بینک الفلاح کی بولی سب سے بہتر تھی۔ سلیم الطاف نے بتایا کہ کچھ غیر ملکی کمپنیوں نے بھی تھوڑی بہت دلچسپی دکھائی تھی تاہم وہ ایسی نہ تھی کہ اس پر غور ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس رقم سے کافی مطمئن ہیں اور بینک الفلاح کا آنا کافی خوش آئند بات ہے۔ سلیم الطاف کی بات اپنی جگہ تاہم ناقدین کرکٹ کے مطابق انگلینڈ جیسے ملک کے ساتھ ہونے والی یہ کرکٹ سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے اور اس کی اہمیت کے پیش نظر یہ رقم کافی کم ہے اور ثابت کرتی ہے کا پاکستان کرکٹ بورڈ کا مارکیٹنگ کا شعبہ کچھ زیادہ فعال ثابت نہیں ہو رہا۔ اسی پریس کانفرنس میں سلیم الطاف نے بتایا کہ انگلینڈ کے دورے کا حتمی شیڈول ابھی طے نہیں ہوا تاہم یہ جلد طے ہو جائے گا اور تب اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||