عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی |  |
 |  سکیورٹی ماہرین منگل کو اپنے دورے کا آغاز کراچی سے کررہے ہیں |
انگلینڈ کے دو سکیورٹی ماہرین ڈگلس ڈک اور اینڈی آلمین پیر کو پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد اس سال کے اواخر میں تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کے لئے پاکستان آنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے لئے کئے جانے والے سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔ ان ماہرین کے بعدانگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز جان کار اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے رچرڈ بیون تین جولائی کو پاکستان آکر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کرینگے۔ سکیورٹی ماہرین منگل کو اپنے دورے کا آغاز کراچی سے کرینگے جہاں ان کے پروگرام میں نیشنل اسٹیڈیم کا معائنہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران سے ملاقاتیں شامل ہیں۔ یہ دونوں ماہرین ملتان فیصل آباد لاہور اور راولپنڈی بھی جائیں گے۔ ڈگلس ڈک اور اینڈی ایلمس کے اس دورے میں کراچی بڑی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے سلسلے میں تحفظات ظاہر کئے ہیں اگر انگلینڈ کی ٹیم کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے پر رضامند نہ ہوئی تو یہاں صرف ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا جائے گا۔ چارسال قبل خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ ختم ہونے کے بعد سے جنوبی افریقہ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آچکی ہیں لیکن کراچی میں صرف بنگلہ دیش اور سری لنکا ہی نے ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم کے دورۂ پاکستان کے پروگرام میں پشاور شامل نہیں ہے جس پر سرحد کے وزیراعلی اکرم درانی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے پشاور اور صوبے کے ساتھ ناانصافی سے تعبیر کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ پشاور کو انگلینڈ کے دورے میں شامل نہ کرنا اس لئے بھی حیران کن ہے کہ وہاں بھارتی ٹیم بھی ون ڈے کھیل چکی ہے اور سکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا تھا۔ |