’انگلینڈ کی فارم سے تشویش نہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچ باب وولمر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی ایشز سیریز میں اچھی کارکردگی کے باوجود انہیں کوئی تشویش نہیں اور نہ انہیں انگلینڈ ٹیم سے کسی قسم کا خوف محسوس ہو رہا ہے۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے باب وولمر کے مطابق انگلیند کی ٹیم کافی اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے اور جس طرح ایک ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد وہ دوسرے ٹیسٹ میں واپس آئے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ تاہم سیریز کا فیصلہ ہونے میں ابھی دو ٹیسٹ میچ باقی ہیں اس لیے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ باب وولمر نے کہا کہ ایشز کا موازنہ ہم پاک انگلینڈ کی سیریز کے ساتھ نہیں کر سکتے کیونکہ اس میں حالات مختلف ہوں گے۔ پاک انگلینڈ سیریز کے لیے پاکستان کی ٹیم کی تیاریوں کی بابت باب وولمر نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے اکثر کھلاڑی یہاں موجود نہیں، کچھ کاؤنٹی کھیل رہے ہیں، کچھ ایفرو ایشین ون ڈے سیریز کے لیے جا رہے ہیں، کچھ بھارت میں ہونے والے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے چلے جائیں گے البتہ جو یہاں ہیں وہ پیر سے شروع ہونے والے کنڈشنگ کیمپ میں اپنی فٹ نس کے لیے تربیت کر رہے ہیں۔ باب وولمر کے مطابق پاکستان ٹیم کی تیاریوں میں آسٹریلیا اے کرکٹ ٹیم اور پاکستان کی اے کرکٹ ٹیم کے درمیان ستمبر میں ہونے والی سیریز بھی اہم کردار ادا کرے گی کیونکہ آسٹریلیا اے کافی مضبوط ٹیم ہے اور پاکستان ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں کو اس سیریز سے کافی تجربہ حاصل ہو گا۔ باب وولمر نے کہا کہ وہ آسٹریلیا اے ٹیم کی آمد کہ منتظر ہیں اور جب سلیکٹر اس سیریز کے لیے پاکستان اے ٹیم کا اعلان کریں گے تو ان کا ایک مختصر تربیتی کیمپ بھی لگایا جائے گا۔ انضمام الحق کو ایفرو ایشین ون ڈے سیریز کے لیے ایشین الیون کی کپتانی ملنے پر باب وولمر کا کہنا تھا کہ یہ انضمام کے لیے ایک اعزاز ہے اور اس کا فائدہ انضمام کو اور پاکستانی ٹیم کو ہو گا کیونکہ اس سے انضمام کو مزید تجربہ ملے گا۔ باب وولمرجن کے اوپر فاسٹ بالر شبیر احمد کا بالنگ ایکشن درست کرنے کی ذمہ داری ہے چند دن کراچی گزار کر آئے ہیں جہاں انہوں نے جنوبی افریقہ کی اکیڈمی ٹیم اور پاکستان کی اکیڈمی ٹیم کے درمیان چار روزہ میچ دیکھا۔ یہ میچ پاکستان کی اکیڈمی ٹیم نے بآسانی جیت لیا تھا۔ باب وولمر کہتے ہیں کہ شبیر ایک محنتی کھلاڑی ہیں اور وہ خود اپنے ایکشن کی درستگی کے لیے بہت محنت کر رہے ہیں۔ باب وولمر کے مطابق انہیں امید ہے کہ انگلینڈ کی سیریز سے پہلے ان کا ایکشن درست ہو جائے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||