ون ڈے میں نیوٹرل امپائر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ پاک انگلینڈ سیریز کے ایک روزہ میچز میں غیر جانبدار ایمپائر ایمپائرنگ کریں گے۔ پیر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں سے خطاب کرتے ہوئے شہر یار خان نے کہا کہ آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ جن ممالک کے درمیان سیریز ہو اگر وہ دونوں چاہیں تو ایک روزہ میچز میں بھی غیر جانبدار ایمپائر رکھ سکتے ہیں۔ ’لہذا انہوں نے برطانوی کرکٹ بورڈ سے اس سلسلے میں بات چیت کی اور انہوں نے ہماری پیشکش تسلیم کر لی اور اب پاک انگلینڈ سیریز کے پانچوں میچز کے دونوں گراؤنڈ ایمپائر غیر جانبدار ہوں گے جبکہ تیسرے اور چوتھے ایمپائرز پاکستانی ہی ہوں گے‘۔ تاہم جب پاکستان کی ٹیم برطانیہ کا دورہ کرے گی تو ضروری نہیں کہ وہاں بھی غیر جانبدار ایمپائر ہوں کیونکہ شہر یار خان کے مطابق تب وہ انگلینڈ بورڈ سے درخواست کریں گے تاہم یہ ان کی مرضی ہے کہ وہ یہ ان کی درخواست مانیں یا نہیں۔ شہر یار خان نے کہا کہ دنیا میں ہونے والی دہشت گردی کا اثر کرکٹ کی سرگرمیوں پر نہیں پڑنا چاھیے اور پاکستان کی ٹیم اگلے سال شیڈیول کے مطابق برطانیہ کا دورہ کرے گی البتہ ہم بھی وہاں اپنی سیکیورٹی ٹیم بھجوائیں گے تاکہ جائزہ لے سکیں کہ کونسے مقامات میچز کے لیے زیادہ محفوظ ہیں۔ برطانوی ٹیم کے خلاف پاکستان کی ٹیم کی تیاری کے بارے میں شہر یار خان نے کہا کہ سیریز سے پہلے تین چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ قائد اعظم ٹرافی کی چمپئن پشاور اور ریسٹ آف پاکستان ٹیم کے درمیان آٹھ سے گیارہ اکتوبر کو پشاور میں ہو گا۔ دوسرا پریکٹس میچ کراچی اور ریسٹ آف پاکستان ٹیم کے درمیان اکیس سے چوبیس اکتوبر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا اور آخری پریکٹس میچ انتیس اکتوبر سے یکم نومبر تک پاکستان کرکٹ ٹیم اور ریسٹ آف پاکستان کے کھلاڑیوں کے درمیان ہو گا۔ پہلے ٹیسٹ سے قبل دس دن کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ ماضی کی نسبت اس بار طویل کیمپ کی وجہ بورڈ کے چئر مین نے یہ بتائی کہ ٹیم نے تین چار ماہ کوئی بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی لہذا زیارہ دنوں کا کیمپ لگایا جا رہا ہے۔ ستمبر میں آسٹریلیا کی اے ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور شہر یار خان کے بقول اس میں ان کی قومی ٹیم کے بھی کچھ کھلاڑی ہوں گے لہذا وہ ایک مضبوط ٹیم ہو گی۔ اس کے ساتھ کھیل کر ہمارے نوجوان کھلاڑيوں کو جو تجربہ ملے گا وہ برطانیہ کے ساتھ سیریز میں کام آئے گا۔ شہر یار خان نے کہا کہ انہوں نے کراچی لاہور اور راولپنڈی میں اس لیے ایک روزہ میچ رکھے ہیں کیونکہ ان سٹیڈيم میں فلڈ لائٹس ہیں اور اس سیریز کے ایک روزہ میچز ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع کیے جائیں گے اور شام کے وقت کم روشنی میں فلڈ لائٹس استعمال کی جائیں گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||