شعیب کو ’گینگسٹر‘ بننے کی پیشکش | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلمساز مہیش بھٹ فلم ’گینگسٹر‘ بنا رہے ہیں جس کے لئے انہیں ایک ایسے چہرے کی تلاش ہے جو بارعب شخصیت کا مالک اور سخت گیر ہونے کے باوجود معصوم دکھائی دے ۔ان کی نظریں اب جا کر پاکستان کے مشہور اور تیز گیند باز شعیب اختر پر ٹکی ہیں۔ فلم نظر کی نمائش کے دوسرے روز یعنی اکیس مئی کو مہیش بھٹ ان کا یونٹ اور ہیروئین میرا پاکستان جائیں گے جہاں وہ شعیب سے ملاقات کریں گے اور اگر شعیب مان گئے تو وہ انہیں فلم کے لئے سائن کر لیں گے۔ مہیش بھٹ گینگسٹر ابو سالم کے حالات زندگی سے متاثر ہو کر فلم بنا رہے ہیں۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کردار کے لئے ان کے ذہن میں دو نام ہیں سنجے دت اور جان ابراہام لیکن ان دونوں کی تاریخیں نہیں مل رہی ہیں ۔ایسے میں میرا نے شعیب کا نام لیا۔ میرا کا کہنا ہے کہ شعیب ان کے اچھے دوست ہیں اور مہیش جی کے اس کردار کے لئے شعیب موزوں ہیں اس لئے انہوں نے شعیب کا نام لیا البتہ آخری فیصلہ مہیش بھٹ کا ہو گا۔ مہیش بھٹ بھارت کے ایک گینگسٹر کے موجودہ حالات سے متاثر ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ ایک ایسا انسان جس کے پیچھے پوری دنیا کی تفتیشی ایجنسیاں پڑی ہوں اور وہ دنیا کی نظروں سے چھپ کر بھاگتا پھر رہا ہو ایسے میں اسے اس کی محبوبہ بھی ایک بوجھ لگے گی لیکن اس گینگسٹر نے ایسا کچھ نہیں اور پیار کے لئے جان کی بازی لگا دی ۔ ان کا کہنا ہے کہ گینگسٹر کی شخصیت کے اس پہلو کو وہ دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں کہ گینگسٹر بھی انسان ہوتے ہیں اور ان کے پیار میں بھی اتنی ہی شدت ہوتی ہے جتنے ایک عام انسان میں۔ مہیش بھٹ نے بتایا کہ وہ شعیب سے پہلے بھی مل چکے ہیں لیکن انہوں نے کبھی اس نظر سے انہیں نہیں دیکھا تھا ۔اگر سارے معاملات صحیح رہے تو شعیب ان کی فلم کے ہیرو ہو سکتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||