لارا کی تاریخ ساز سنچری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برائن لارا نے جب جنوبی افریقہ کے خلاف ٹرینیڈاڈ ٹیسٹ کے پہلے دن اپنی ستائیسویں سنچری مکمل کی تو وہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔ اس سنچری کی بدولت لارا نے سر گیری سوبرز کی چھبیس سنچریوں کا ریکارڈ توڑا۔ گیری سوبرز نے ترانوے میچوں میں چھبیس سنچریاں بنائی تھیں جبکہ لارا کو ستائیس سنچریاں بنانے کے لیے ایک سو تیرہ میچ کھیلناپڑے۔ اس موقع پر لارا کا کہنا تھا کہ ’ میں اپنے تمام کیریئر کے دوران شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہا ہوں اور میں جانتا تھا کہ مجھے اس ٹیسٹ میں کچھ خاص کام کرنا ہو گا۔ میدان میں جانے کے پندرہ منٹ بعد ہی مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ آج کچھ ہونے والا ہے‘۔
اپنی ستائیسویں سنچری کی بدولت لارا اب ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر کے ہمراہ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ تاہم وہ اب بھی پہلے نمبر پر موجود دو بھارتی کھلاڑیوں سنیل گواسکر اور سچن تندولکر سے سات سنچریاں پیچھے ہیں۔ ٹرینیڈاڈ ٹیسٹ کے پہلے دن لارا کی 159 رن کی اننگز کی بدولت وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس وقت ان سے آگے آسٹریلیا کے دو سابق کپتان ایلن بارڈر اور سٹیووا ہیں جنہوں نے بالترتیب 11174 اور 10927 رن بنائے ہیں۔
دریں اثناء لارا کی ستائیسویں سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسری ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر 281 رن بنائے اوراس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا تاہم برائن لارا اور شیو نرائن چندر پال کی شاندار بلے بازی نے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||