پاکستان تیسرا ون ڈے جیت گیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمشید پور میں پاکستان کی ٹیم نے پچاس اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر تین سو انیس رن بنائے۔ جواب میں بھارت کی ٹیم 213 رن پر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی طرف سے سب سے زیادہ سکور عرفان پٹھان کا تھا جنہوں نے چار چھکوں کی مدد سے چونسٹھ رن بنائے۔ رانا نوید الحسن نے آٹھ اوور اور چار گیندوں میں چھبیس رن دے کر چھ کھلاڑی آؤٹ کیے۔ سہواگ، گنگولی، دھونی، یوراج سنگھ، عرفان پٹھان اور اشیش نہرا کو نوید الحسن نے اور تندولکر اور ڈراویڈ کو محمد سمیع نے آؤٹ کیا۔ محمد کیف کی وکٹ دانش کنیریا کو ملی۔ ہربھجن سنگھ کو شعیب ملک نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سکور سلمان بٹ نے کیا جو ایک سو ایک رن پر رن آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک نے پچھتر اور یوسف یوحنا نے تینتالیس رن بنائے۔ انضمام الحق نے تئیس رن بنائے۔ اس سے پہلے شعیب ملک 75 رن بنا کر سہواگ کی گیند پر تندولکر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ سلمان بٹ اور شعیب ملک کے درمیان ایک سو پنتالیس رن کی شراکت ہوئی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ اکتیس رن پر گری۔ کپتان انضمام الحق نے سیریز میں پہلی مرتبہ ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی طرف سے بیٹنگ کا آغاز سلمان بٹ اور شاہد آفریدی نے کیا تھا۔ بھارت کی طرف سے بالنگ کا آغاز عرفان پٹھان نے کیا۔ پہلے اوور کی آخری گیند پر سلمان بٹ نے چوکا لگا کر سکور بنانے کی ابتداء کی۔ پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہد آفریدی تھے جنہوں نے تین چوکوں کی مدد سے سترہ رن بنائے۔ اس چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھارت پہلے دو میچ جیت چکا ہے۔ آج کا میچ پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ جمشید پور میں پاکستان بھارت کے خلاف دو میچ جیت چکا ہے۔ بھارت نے اس میدان میں سات میچ کھیلے ہیں جس میں سے اس نے دو میں کامیابی حاصل کی تھی جب کہ پانچ میچ میں اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان نے اس میچ میں محمد حفیظ کی جگہ یونس خان کو شامل کیا ہے۔ جب کہ ارشد خان کی جگہ دانش کنیریا کو شامل کیا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||