’ کامران اکمل کی سنچری بہتر ہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین امتیاز احمد کا کہنا ہے کہ کامران اکمل کی شاندار سنچری ان کی چوالیس سال قبل بھارت کے خلاف بنائی گئی سنچری سے بہت بہتر اننگز ہے۔ کامران اکمل امتیاز احمد کے بعد بھارت کے خلاف ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی وکٹ کیپرہیں۔ امتیاز احمد نے61-1960ء میں مدراس ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی۔ امتیاز احمد بھارتی کرکٹ بورڈ کے مہمان کی حیثیت سے موہالی ٹیسٹ دیکھنے کے لیے آئے ہوئے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اوپنر کی حیثیت سے ان کی 135 رنز کی اننگز ایک عام سی اننگز تھی لیکن کامران اکمل نے مشکل حالات میں غیرمعمولی بیٹنگ کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامران ایک باصلاحیت کرکٹر ہے جس نے آسٹریلیا میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اب اس میچ میں بھی لاجواب اننگز کھیلی ہے۔ امتیاز احمد کے خیال میں پاکستان نے میچ ڈرا نہیں کیا بلکہ جیتا ہے۔ کوئی بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا تھا کہ اس مشکل صورتحال سے پاکستانی ٹیم بچ نکلنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ امتیاز احمد اس پاکستانی ٹیم میں شامل تھے جس نے ٹیسٹ رکنیت حاصل کرنے کے بعد 53-1952 میں بھارت کا دورہ کیا تھا اور پھر وہ اس ٹیم میں بھی شامل تھے جو61-1960 میں فضل محمود کی قیادت میں بھارت آئی تھی۔ امتیاز احمد کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ بھارت آکر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے کیونکہ پرانی یادیں پھر سے تازہ ہوئی ہیں کئی پرانے دوست انہیں ملے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز تواتر سے ہوتی رہنی چاہئے اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو معمول پر رکھنے میں بڑی مدد ملے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||