’ کہیں موسم نہ جیت جائے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
موسم کی خرابی پاک بھارت ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے واحد وارم اپ میچ میں خلل ڈال سکتی ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنے دورے کا آغاز بدھ کو دھرم شالہ میں بھارتی بورڈ پریزیڈنٹ الیون کے خلاف تین روزہ میچ سےکر رہی ہے۔ تاہم خدشہ ہے کہ بارش کی وجہ سے یہ میچ متاثر ہو سکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم کا منگل کو ہونے والا پریکٹس سیشن بھی بارش کی بنا پر منسوخ کر دیا گیا تھا اور بھارتی محکمۂ موسمیات نے مزید خراب موسم کی پیشین گوئی کی ہے۔ ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ’ ہم قدرت کے سامنے بے بس ہیں اور ہر کوئی انتظار کر رہا ہے‘۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینجر سلیم الطاف نے کہا کہ ’ ہم یہاں کھیلنے آئے ہیں اور بنا پریکٹس کے ٹیسٹ میچ کا آغاز نہیں چاہتے۔ میری خواہش ہے کہ بارش نہ ہو‘۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم 1999 کے بعد پہلی مرتبہ بھارت کے دورہ پر آئی ہے اور وہ گزشتہ برس پاکستان میں ہونے والی سیریز میں اپنی شکست کا بدلہ لینے کی بھر پور کوشش کرے گی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پہلے کیے گئے اعلان کے برعکس بدھ مت کے مذہبی رہنما دلائی لامہ اب اس سہ روزہ میچ کا افتتاح نہیں کریں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چین سے پاکستان کے دیرینہ تعلقات کی بنا پر دلائی لامہ کی اس میچ میں موجودگی پر اعتراض تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||