 |  سچن نے ستائیس دسمبر کے بعد سے بولنگ یا بیٹنگ نہیں کی(فائل فوٹو) |
سچن تندولکر کہنی میں تکلیف کے باعث طویل آرام کے بعد منگل کو ایک چارہ روزہ میچ میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس میچ کے بعد سچن تندولکر پاکستان کے خلاف سیریز میں حصہ لینے یا نہ لینے کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔ بھارتی ٹیم کے سلیکٹر کرن مورے نے کہا کہ ’سچن حیدر آباد میں دلیپ ٹرافی کے میچ میں حصہ لیں گے۔ وہ ساؤتھ زون کے خلاف میچ میں ویسٹ زون کی ٹیم کی قیادت بھی کریں گے‘۔ اکتیس سالہ تندولکر نے دسمبر میں بنگلہ دیش کے دورے کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلا۔ تندولکر کو حالیہ دو سالوں میں مختلف اوقات میں کہنی، انگلی، انگوٹھے اور کمر میں تکلیف کا سامنا رہا ہے۔ ان کی تکلیف کی وجہ کرکٹ کی زیادتی بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے انیس سو نواسی میں سولہ سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ تندولکر نے حال ہی میں کہا تھا کہ ’میں میدان میں واپسی میں جلد بازی سے کام نہیں لوں گا۔ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے کا مشتاق ہوں لیکن ایسا صرف پوری طرح صحت یاب ہونے کی صورت میں کروں گا‘۔ پاکستان کی ٹیم پچیس فروری کو بھارت پہنچ رہی ہے۔ مقابلوں کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔ |