بھارت کے لیے پاکستانی ٹیم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے دورہ بھارت کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا سولہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔ ٹیم میں فاسٹ بولر شیعب اختر شامل نہیں ہیں۔ شیعب اختر نے مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے اپنی عدم دستیابی کا اعلان کیا تھا۔ وسیم باری کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے فاسٹ بولر محمد سمیع اور آف سپنر ارشد خان کو ٹیم میں دوبارہ شامل کیا ہے۔ ارشد خان چار سال بعد قومی کرکٹ میں واپس آئے ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان کو انضمام الحق کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے دورے میں یوسف یوحنا نائب کپتان تھے۔ بھارت کے لیے ٹیم میں اوپنر عمران فرحت کو شامل نہیں گیا ہے۔ ان کی جگہ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے توفیق عمر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ ٹیم کا اعلان سلیکشن کمیٹی کے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں کمیٹی کے سربراہ وسیم باری اور ممبران اقبال قاسم اور احتشام الدین نے شرکت کی۔ پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: انضمام الحق ( کپتان)، یونس خان ( نائب کپتان)، یوسف یوحنا، عبدالرزاق، شاہد آفریدی، توفیق عمر، یاسر حمید، سلمان بٹ، شعیب ملک، عاصم کمال، کامران اکمل، محمد سمیع، رانا نوید الحسن، دانش کنیریا، ارشد خان اور محمد خلیل۔ راؤ افتخار، عبد الرؤف اور فیصل اطہر کو محفوظ کھلاڑی ہیں۔ یونس خان کو ٹیم کا نیا نائب کپتان مقرر کرنے کے بارے میں چیف سلیکٹر وسیم باری کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان کا نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہے تاہم اس عہدے کے لیے یونس خان کا تقرر آسٹریلیا میں ان کی کارکردگی اور دیگر صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ارشد خان کی شمولیت کے بارے میں سلیکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی دکھانے کے بنا پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ارشد خان تقریباّ چار سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اور ان کی ٹیم میں واپسی کی ایک اور بڑی وجہ بھارت کی سپن وکٹوں کے لیے سپن بالنگ کے شعبے کو مضبوط کرنا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ وسیم باری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اس ٹیم کے انتخاب میں کپتان انضمام اور کوچ باب وولمر کا مشورہ بھی لیا گیا ہے۔ وسیم باری کے بقول یہ ایک متوازن ٹیم ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ بھارتی ٹیم کو بہت اچھی فائٹ دے گی اس کے باوجود کہ اسے ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا فائدہ حاصل ہث گا۔ ان کے بقول یہ ٹیم ٹیسٹ میچز کے لیے بنائی گئی ہے اور ایک روزہ میچز کے لیے ٹیم کا اعلان ایک روزہ سریز سے پہلے کیا جائے گا۔ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ نے ان فٹ شعیب اختر کی بابت کہا کہ جب وہ فٹ ہوں گے تو ٹیم میں ان کی شمولیت کے بارے میں غور کیا جائےگا۔ ٹیم کے اعلان سے قبل ہفتے کی صبح کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تین فاسٹ بالرز کے فٹنس ٹیسٹ کیے گئے۔ ان ٹیسٹوں کے بعد محمد سمیع اور محمد خلیل کو پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے فٹ قرار دے دیا گیا جبکہ شبیر احمد اس دورے کے لیے فی ا لحال فٹ نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق وقار یونس کو ٹیم کے بالنگ کوچ کے طور پر رکھا جا رہا ہے گو کہ ابھی اس کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔ پاکستان ٹیم کے کوچ باب وولمر نے کہا کہ ٹیم کے لیے بالنگ کوچ رکھنے سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہو گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||