 |  عبدالرزاق اپنی کھوئی ہوئی فارم میں واپس آ گئے ہیں |
پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے اڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا اے کو تیرہ رن سے ہرا دیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو اناسی رن بنائے تھے۔ پاکستان کی اننگز میں عبدالرزاق نے اکسٹھ بال پر نواسی رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس میچ میں کپتانی کے فرائض انضمام الحق نےانجام دیے۔ انضمام آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میچوں میں حصہ نہیں لے پائے تھے۔ تاہم اس میچ میں وہ کوئی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے اور چالیس گیندوں پر صرف دس رن بنا پائے۔ پاکستان کے دوسرے نمایاں بلے باز محمد حفیظ تھے انہوں نے اکسٹھ رن بنائے۔ انہیں ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے خصوصی طور پر آسٹریلیا بھیجا گیا ہے۔ اظہار محمود کو بھی اس میچ میں کھیلنے کا موقعہ دیا گیا لیکن وہ بارہ رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا اے کی طرف سے سب سے زیادہ رن بی جے ہیڈن نے بنائے۔ انہوں نے ایک سو اٹھار رن ایک سو چوبیس گیندوں پر بنائے۔ ایک مرحلے پر آسٹریلیا اے کو انیس گیندوں پر جیتنے کے لیے اٹھارہ رن درکار تھے۔ اس مرحلے پر ہیڈن رن آؤٹ ہوگئے اور اس طرح آسٹریلیا اے یہ میچ تیرہ رن سے ہار گئی۔ پاکستان کی طرف سے رانا نویدالحسن نے بیالیس رن دے کر تین وکٹوں حاصل کیں۔ عبدالرزاق اور افتخار انجم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اظہر محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔ |