BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 06 October, 2004, 15:35 GMT 20:35 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پاکستان ون ڈے سیریز کے فائنل میں

یوسف یوحنا
پاکستان کی اننگز کی خاص بات یوسف یوحنا اور شعیب ملک کی شاندار شراکت تھی
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے سلسلے میں بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلےگئے میچ میں سری لنکا کو8 وکٹوں سے شکست دے دی اس کامیابی کے ساتھ ہی اس نے فائنل میں بھی جگہ بنالی جو16 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان نے سری لنکا کے اسکور232 رنز9 کھلاڑی آؤٹ کے جواب میں مطلوبہ اسکور49 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

پاکستانی ٹیم کے لئے یہ میچ اس اعتبار سے اہمیت رکھتا ہے کہ یہ اس کا 600 واں ون ڈے انٹرنیشنل میچ تھا جس میں اس کی کامیابیوں کی تعداد322 ہوگئی ہے۔

پاکستان کی اس جیت کے ہیرو شعیب ملک اور یوسف یوحنا تھے۔ شعیب ملک نے پہلے اپنی مؤثر بولنگ سے تین وکٹیں حاصل کیں اور پھر86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

یوسف یوحنا نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں دسویں سنچری مکمل کرتے ہوئے107 رنز اسکور کئے۔ ساتھ ہی انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 6 ہزار رنز بھی مکمل کرلئے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستان کے چھٹے بیٹسمین ہیں ان کے علاوہ انضمام الحق، سعید انور، جاویدمیانداد، سلیم ملک اور اعجاز احمد چھ ہزار یا زائد رنز اسکور کرچکے ہیں۔

شعیب ملک اور یوسف یوحنا کے درمیان تیسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں بننے والے200 رنز نے میزبان ٹیم کو اس مشکل صورتحال سے نکال دیا جس سے وہ33 رنز پر دونوں اوپنرز یاسرحمید اور سلمان بٹ کے آؤٹ ہونے سے دوچار ہوچکی تھی۔

سری لنکن ٹیم ٹاس جیت کر نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ پر بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی جس کی وجہ چند روز قبل ہونے والی بارش کے نتیجے میں پرفیکٹ وکٹ کی تیاری میں حائل مشکلات تھیں۔

پشاور کے میچ میں انتہائی غیرموثر ثابت ہونے والے رانا نویدالحسن اپنے پہلے ہی اوور میں موجودگی کا احساس دلانے میں کامیاب ہوگئے جب انہوں نے اوشکا گونا وردھنے کو ایک رن پر بولڈ کردیا۔ اس ابتدائی نقصان کی تلافی کرتے ہوئے سنتھ جے سوریا اور کپتان مرون اتاپتو نے دوسری وکٹ کی شراکت میں109 رنز کا اضافہ کرکے اپنی ٹیم کے لئے بڑے اسکور کی بنیاد رکھ دی تھی لیکن ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد صورتحال بالکل مختلف ہوگئی۔

سنتھ جے سوریا جنہیں38 رنز پر شاہد آفریدی کی گیند پر انضمام الحق نے ڈراپ کردیا تھا اپنے329 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں57 ویں نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے لیکن53 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک نے اپنی ہی گیند پر عمدگی سے فیلڈنگ کرتے ہوئے انہیں رن آؤٹ کردیا۔

سری لنکا کی آخری سات وکٹیں اسکور میں صرف103 رنز کا اضافہ کرسکیں۔ اس کی بیٹنگ کی کمر توڑنے والے شعیب ملک تھے جنہوں نے جے سوریا کو رن آؤٹ کرنے کے علاوہ مرون اتاپتو، جےوردھنے اور تلکارتنے دلشن کی وکٹیں حاصل کرڈالیں۔

ایک موقع پر انہوں نے یہ تین وکٹیں33 گیندوں پر21 رنز کے عوض حاصل کی تھیں۔ محمد سمیع دو وکٹوں کے ساتھ اپنا اعتماد بحال کرنے میں کامیاب رہے لیکن شعیب اختر ایک میچ کے آرام کے بعد واپسی پر ردھم میں دکھائی نہیں دیئے۔ابتدا میں انہوں نے پورے رن اپ کے ساتھ بولنگ کی لیکن پھر رن اپ مختصر کردیا ان کے آّٹھ اوورز میں46 رنز بنے۔

سہ فریقی سیریز کے اگلے میچ میں سری لنکا کی ٹیم زمبابوے کے مقابل ہوگی جو ہفتے کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد