بڑی ٹیموں کا پہلا بڑا میچ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے کے ٹھیک ایک ہفتے کے بعد آج اس منی ورلڈ کپ کا پہلا بڑا میچ عالمی چیمپیئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے والی تمام حریف ٹیموں کی صلاحیتیوں میں واضح فرق ہے جن میں سے امریکہ اور زمبابوے کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہیں اور بنگلہ دیش کو بھی تقریباً اسی قسم کی صورتحال کا سامنا ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ گروپ اے میں امریکہ کے خلاف اپنے میچوں کو وارم اپ کے طور پر کھیلتے ہوئے ایک بڑے میچ کے لئے تیار ہیں۔ یہ میچ جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچ جائے گی۔ آَسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کے لئے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے لئے واحد پریشان کن بات یہ ہے کہ وہ بریٹ لی اور گلین میگرا میں سے کسے ترجیح دیں؟ امریکہ کو 65 رنز پر آؤٹ کرنے والی ٹیم چار فاسٹ بولرز پر مشتمل تھی لیکن پونٹنگ نیوزی لینڈ کے خلاف سہ رخِی پیس اٹیک کی مدد سے حاوی ہونا چاہتے ہیں۔ دراصل مائیکل کاسپروچ کی عمدہ بولنگ نے پونٹنگ کے لئے مشکلات پیدا کر دی ہیں کہ وہ کسے کھلائیں اور کسے باہر بٹھائیں۔ ممکن ہے کہ موسم کے پیش نظر چاروں تیز بولرز ٹیم میں شامل ہوں۔ میتھیو ہیڈن، ایڈم گلکرسٹ، رکی پونٹنگ جیسے مستند بیٹسمین اور آل راؤنڈر اینڈریو سائمنڈز کے ہوتے ہوئے جو اسوقت اپنی بھرپور فارم میں ہیں، آسٹریلوی ٹیم ایک بڑا سکور کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لیکن نیوزی لینڈ کا بولنگ اٹیک بہرحال امریکی بولنگ کی طرح آسانی سے قابو میں آنے والا نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ نے اس سیزن میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن نیٹ ویسٹ ٹرافی میں اس نے انگلینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور فائنل تک پہنچ گیا جہاں اس نے برائن لارا کی ٹیم کو بھی زیر کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم عمدہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن اکثر وہ حیرت انگیز طور پر اپنی صلاحیت اور اہلیت کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہتی ہے۔ سٹیفن فلیمنگ کے لئے یہ میچ ایک کڑا امتحان ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||