پاکستان جانے کیلئے تیار ہوں: کیف | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے بیٹسمین محمد کیف نے کہا ہے کہ وہ اب مکمل طور پر فٹ ہوچکے ہیں اور اگلے مہینے پاکستان کے دورے کے لئے تیار ہیں۔ کیف ہندوستان کے آسٹریلیا کے حالیہ دورے پر انگوٹھے کی چوٹ کی وجہ سے نہیں جا سکے تھے۔ تئیس سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین محمد کیف کا کہنا ہے کہ وہ سلیکشن کے لئے تیار ہیں اور انہوں نے نیٹ پریکٹس بھی شروع کر دی ہے۔ کیف پچھلے سال دسمبر میں ایک جونئیر ٹورنامنٹ میں انگوٹھے پر چوٹ لگ جانے کے باعث آسٹریلیا میں تین ملکی سیریز میں شرکت نہیں کر پائے تھے جس میں زمبابوے بھی شامل تھا۔ کیف خاص طور پر سن دو ہزار دو میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز کے میدان میں اپنے شاندار ستاسی رنز کی وجہ سے جانے جاتے ہیں جس کی بدولت ہندوستان کی ٹیم نے انگلینڈ کی طرف سے دیا گیا تین سو چھبیس کا بڑا ٹارگٹ پورا کر لیا تھا۔ ایک چست فیلڈر ہونے کے ساتھ ساتھ محمد کیف نے انسٹھ ون ڈے میچوں میں تیس اعشاریہ اٹھتر رنز کی اوسط سے ایک ہزار ایک سو ستر رنز بنائے ہیں۔ چودہ سال بعد پہلی مرتبہ اگلے ماہ کی دس تاریخ سے ہندوستان پاکستان کا ایک دورہ شروع کررہا ہے جس میں پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||