| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
راہول اور لکشمن کی ریکارڈ شراکت
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا کے پانچ سو چھپن رن کے جواب میں چار سو ستتر رن بنائے تھے اور اس کے سات کھلاڑی آوٹ ہوئے تھے۔ بھارت کی اس شاندر کارکردگی میں راہول ڈریوڈ اور وی وی ایس لکشمن نے بہترین کھیل پیش کیا اور بالترتیب ایک سو ننانوے اور ایک سو اڑتالیس رن اسکور کئے۔ کھیل کے اختتام پر ڈریوڈ اپنی ڈبل سنچری سے صرف ایک رن کے فاصلے پر تھے۔ بھارت کے ان دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں تین سو تین رن بنائے جس نے دو سال پہلے کلکتہ کے ایڈن گارڈن میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کی یاد تازہ کر دی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے اس میچ میں بھی پانچویں وکٹ کی شراکت میں تین سو چھتر رن بنائے تھے۔ بھارت کےان دو کھلاڑیوں سے پہلے آسٹریلیا کے ڈان بریڈ مین اور بل پونس فورڈ اور جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز اور گرام سمتھ ایسے کھلاڑی ہیں جو ایک دوسرے کی رفاقت میں دو سے زیادہ مرتبہ تین سو رن بنا چکے ہیں۔ راہول اور لکشمن اس سے پہلے تین مرتبہ دو سو رن سے زیادہ کی شراکت کر چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ کی طرف سے لکشمن کو دو مواقع میسر آئے۔ پونٹنگ نے پہلی مرتبہ پینسٹھ کے انفرادی اسکور پر اور دوسری مرتبہ ایک سو انتالیس کے اسکور پر لکشمن کا کیچ چھوڑ دیا تھا۔ بھارتی کھلاڑی پرتھوی پاٹیل اور اجیت اگرکر کو آسٹریلیا کے کلائی سے اسپن کرنے والے بالر سائمن کاٹچ نے آوٹ کیا۔ تیز رفتار بالر براڈ ولیمز کے زخمی ہوجانے سے آسٹریلیا کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ توقع ہے کہ براڈ ولیمیز اس میچ میں بالنگ نہیں کر سکیں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||