| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ٹیم پاکستان جائے گی
انڈین کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم مارچ یا اپریل میں پاکستان کی دورہ کرے گی۔ رتاناکر شیٹی نے بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ بھارتی حکومت نے کرکٹ حکام کو پاکستانی کرکٹ بورڈ کے ساتھ دورے کی تفصیلات اور شیڈول طے کرنے کے لئے بات چیت کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ گزشتہ چودہ سال میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا۔ بھارت کی انڈر نائن ٹین ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دورے کی تفصیلات اور شیڈول طے کرنے کے لئے فریقین کے مابین پہلے ہی ابتدائی بات چیت ہو چکی ہے۔ مسٹر شیٹی کے مطابق دونوں ملکوں کے کرکٹ حکام مجوزہ دورے کی تفصیلات طے کریں گے اور اسے حتمی منظوری کے لئے بھارتی حکومت کے سامنے پیش کرے گی۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورے کے دوران سات ایک روزہ اور تین ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تجویز دی تھی لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے اسے نیا شیڈول پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فروری کے اواخر میں آسٹریلیا سے وطن واپس لوٹیں گے اور ان کا دورہ پاکستان مارچ یا اپریل میں شروع ہو گا۔ مسٹر شیٹی نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے دوران کھلاڑیوں کی سکیورٹی بھارتی حکومت اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی ایک بہت بڑی ترجیح ہو گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||