نیا کوچ ، مکی آرتھر، ڈین جونز یا اینڈی مولز؟

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے لیے فیصلہ کن مقابلہ جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر اور انگلینڈ کے اینڈی مولز کے درمیان ہے۔
آسٹریلیا کے ڈین جونز بھی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے چند اراکین انھیں کوچ بنانے کے حق میں نہیں ہیں۔
ڈین جونز پاکستان سپر لیگ جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کے روز یہ کہا تھا کہ اس نے کوچ کے نام کو حتمی شکل دے دی ہے لیکن اس کا اعلان اگلے دو روز میں کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کو آسٹریلیا کے سٹوارٹ لا سے رابطہ کیا تھا لیکن معلوم ہوا ہے کہ سٹوارٹ لا نے کوچ کے بجائے کنسلٹنٹ بننے میں زیادہ دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اسٹورٹ لا جولائی میں سری لنکا کے دورے میں آسٹریلوی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری بھی نبھانے والے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
مکی آرتھر کیربیئن لیگ میں مصروف ہوں گے لیکن وہ پاکستانی ٹیم کا کوچ بننے کے لیے کیریبیئن لیگ کا معاہدہ ختم کرسکتے ہیں۔
اینڈی مولز کے پاس فی الحال کوئی اسائنمنٹ نہیں ہے۔
مکی آرتھر جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے کوچ رہ چکے ہیں اور اس وقت وہ پاکستان سپر لیگ کھیلنے والی کراچی کنگز کے کوچ ہیں۔
اینڈی مولز ہانگ کانگ، کینیا، سکاٹ لینڈ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے کوچ رہ چکے ہیں تاہم وہ کامیاب کوچ ثابت نہیں ہوسکے ہیں۔
اگر مکی آرتھر اور اینڈی مولز سے معاملات طے نہ پاسکے تو یہ بھی ممکن ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ کے دورے کے لیے سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کو جزوقتی کوچ کی ذمہ داری سونپ دے۔



