انضمام الحق سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقرر

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو قومی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔
اس بات کا اعلان پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے پیر کو انضمام الحق کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
انضمام کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی میں توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر کو شامل کیا گیا ہے۔
اس پریس کانفرنس میں شہریار خان نے سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کو محمد اکرم کی جگہ قومی کرکٹ اکیڈمی کا ہیڈ کوچ بنانے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نیشنل اکیڈمی آزادانہ طریقے سے کام کرے گی۔
صحافیوں سے بات چیت میں سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا تھا کہ وہ قومی ذمے داری کی ادائیگی کے لیے آئے ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ سونپی گئی ذمے داری سے انصاف کر سکیں۔
خیال رہے کہ انضمام الحق کو چیف سلیکٹر بنانے کی راہ ہموار کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے افغانستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا اور ان سے درخواست کی تھی کہ انضمام الحق کو افغانستان کی ٹیم کے کوچ کے عہدے سے فارغ کر دیا جائے۔
اس پر افغانستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کو یہ عہدہ قبل از وقت چھوڑنے کی اجازت دے دی تھی۔ ان کے عہدے کی مدت دسمبر میں ختم ہونے والی تھی۔
انضمام الحق پہلی مرتبہ سلیکٹر کے روپ میں سامنے آئے ہیں۔
بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد وہ پاکستانی ٹیم کے جزوقتی بیٹنگ کنسلٹنٹ رہے تھے جس کے بعد وہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کوچ مقرر ہوئے تھے ان کی کوچنگ میں افغانستان کی ٹیم نے زمبابوے کے دورے میں کامیابی حاصل کرنے کے علاوہ ورلڈ ٹی 20 میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ ویسٹ انڈیز کو گروپ میچ شکست دینے میں بھی کامیاب رہی تھی۔
سابق آف سپنر توصیف احمد اور سابق آل راؤنڈر وسیم حیدر پہلی مرتبہ سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنے ہیں جبکہ وجاہت اللہ واسطی اس سے قبل بھی سلیکشن کمیٹی کا حصہ رہ چکے ہیں ۔
وسیم حیدر کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلے ہیں البتہ وہ 1992 کا عالمی کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے۔



