افغانستان کرکٹ بورڈ انضمام الحق کو ریلیز کرنے پر تیار

،تصویر کا ذریعہAP
افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شفیق ستانکزئی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان سے رابطہ کر کے انضمام الحق کو کنٹریکٹ سے ریلیز کرنے کی درخواست کی ہے۔
شفیق ستانکزئی نے کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے سنیچر کے روز انھیں فون کیا اور بتایا کہ وہ انضمام الحق کو سلیکٹر تعینات کرنا چاہتے ہیں اس لیے ان کی مدد کریں۔
انھوں نے کہا کہ ’اگرچہ دسمبر تک ان کا کنٹریکٹ موجود ہے، ہم محب وطن لوگ ہیں اور اگر پاکستان کو انضمام کی ضرورت ہے تو ہم اسے جانے دینے کے لیے تیار ہیں۔‘
خیال رہے کہ وہ اس وقت افغان کرکٹ بورڈ میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سھنبالے ہوئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یارخان اور انضمام الحق کے درمیان جمعہ کے روز لاہور میں ملاقات بھی ہوئی ہے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی ناکامی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر ہارون رشید کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کو برخاست کر دیا تھا۔
انضمام الحق نے افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے سنہ 2015 میں ذمہ داریاں سھنبالیں تھیں جس کے بعد افغان ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ اور ٹی 20 سیریز جیتی تھی۔ جبکہ حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغان ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔



