کوچ کون ہوگا؟ فیصلہ ہوگیا لیکن اعلان دو روز میں

،تصویر کا ذریعہPCB
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے نام کو حتمی شکل دے دی ہے تاہم وہ اس کا اعلان اگلے دو روز میں کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ نئے کوچ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے تاہم اس مرحلے پر وہ اس کا اعلان اس لیے نہیں کررہے ہیں کہ جسے کوچ بنایا جائے گا اس سے فون کرکے یہ پوچھ لیا جائے کہ آپ یہ ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہیں یا نہیں حالانکہ انھوں نے اس عہدے کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دے رکھی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اجلاس منگل کے روز ہوا جس میں نئے کوچ کی تقرری کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے نئے کوچ کا اعلان نہ کرنے کی وجہ یہ بتائی ہے کہ چونکہ ابھی نئے کوچ سے مالی معاملات طے ہونا باقی ہیں لہذا وہ یہ نہ سمجھیں کہ کوچ بننے کی دوڑ میں وہی اکیلے ہیں اس صورت میں بورڈ کے لیے مشکلات ہوسکتی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان سے سابق ٹیسٹ کرکٹرز محمد اکرم اور منظور الہی نے کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں دی ہیں جبکہ غیرملکی کوچز میں اینڈی فلاور،گرانٹ فلاور، مکی آرتھر، اسٹورٹ لا اور اینڈی مولز کے نام سامنے آئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے سابق کوچ پیٹر مورس سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن انھوں نے فیملی سے دور نہ رہنے کے خیال سے معذرت کرلی تھی۔
ابتدا میں عاقب جاوید اور محسن خان نے بھی کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کی تھی لیکن بعد میں دونوں نے باقاعدہ درخواست دینے سے انکار کردیا تھا۔
عاقب جاوید نے انکار کی وجہ یہ بتائی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ غیرملکی کوچ کی تقرری کا ذہن بناچکا ہے ان حالات میں ان کے لیے مناسب نہیں کہ وہ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا عہدہ وقاریونس کے استعفے کی وجہ سے خالی ہوا ہے۔
وقاریونس نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد استعفی دے دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے اشتہار دینے کے ساتھ ساتھ سابق ٹیسٹ کرکٹرز وسیم اکرم اور رمیز راجہ کو بھی ذمہ داری سونپی تھی کہ وہ نئے کوچ کی تلاش میں بورڈ کی مدد کریں۔



