اظہر محمود پاکستان کے عبوری بولنگ کوچ مقرر

40 سالہ اظہر محمود نے پاکستان کی جانب سے سنہ 2007 میں اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلا تھا جس کے بعد سے وہ مختلف ڈومیسٹک کرکٹ اور ٹی 20 لیگز میں متحرک ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن40 سالہ اظہر محمود نے پاکستان کی جانب سے سنہ 2007 میں اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلا تھا جس کے بعد سے وہ مختلف ڈومیسٹک کرکٹ اور ٹی 20 لیگز میں متحرک ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ اور بھارت میں آئندہ ماہ ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کپ کے لیے اظہر محمود کو ٹیم کا عبوری بولنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مشتاق احمد کو ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 کے لیے آرام دیا ہے۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے مینیجر نے کرک انفو کو بتایا ’مشتاق احمد کو کام کی زیادتی کے باعث ان دونوں ٹورنامنٹس سےآرام دیا گیا ہے۔ اظہر محمود ٹی 20 سپیشلسٹ کی حیثیت سے عبوری کوچ کے لیے ان کے اچھے متبادل ہیں۔‘

خیال رہے کہ 45 سالہ سابق لیگ سپنر مشتاق احمد سنہ 2014 سے پاکستان ٹیم کے کوچنگ سٹاف کا حصہ ہیں۔

انھوں نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری میچ سنہ 2003 میں کھیلا تھا۔

بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد مشتاق احمد نے کرکٹ کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا۔

مشتاق احمد نے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے سپن بولنگ کوچ کے طور پر کام کیا اور جب سنہ 2014 میں ان کا انگلینڈ کے ساتھ معاہدہ ختم ہوا تو انھوں نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے معروف سپنر سعید اجمل اور یاسر شاہ سمیت دیگر کھلاڑیوں کے معاون کے طور پر کام شروع کیا۔

40 سالہ اظہر محمود نے پاکستان کی جانب سے سنہ 2007 میں اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلا تھا جس کے بعد سے وہ مختلف ڈومیسٹک کرکٹ اور ٹی 20 لیگز میں متحرک ہیں۔

اظہر محمود نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بھی نمائندگی کی۔

انھوں نے پاکستان، انگلینڈ، بھارت، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سمیت کئی ڈومیسٹک ٹیموں کی جانب سے 225 ٹی 20 میچ کھیلے۔

اظہر محمود متحدہ عرب امارات اور انگلینڈ میں چھوٹی ٹیموں کے کوچ کے طور پر کام کرچکے ہیں لیکن ابھی تک بین الاقوامی سطح پر کوچ کے طورپر متعارف نہیں ہوئے تھے۔