موہالی کے میدان میں پاکستان کا نیوزی لینڈ سے سامنا

 آفریدی کا کہنا تھا کہ موہالی میں کنڈیشنز پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے لیے برابر ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشن آفریدی کا کہنا تھا کہ موہالی میں کنڈیشنز پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے لیے برابر ہیں

ورلڈ ٹی 20 کے سپر 10 مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ منگل کو موہالی میں کھیلا جانے والا ہے۔

پاکستانی ٹیم جس نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلا میچ بڑے اعتماد سے جیتا تھا انڈیا سے شکست کے بعد اب اس پوزیشن میں ہے کہ اسے سیمی فائنل تک رسائی یقینی بنانے کے لیے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف میچز جیتنے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے سپر ٹین مرحلے میں آسٹریلیا اور انڈیا کو شکست دے کر مسلسل دو کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس وقت اپنے گروپ میں پہلے نمبر پر ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے ایک روز قبل پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکہ اس وقت لگا جب ان فارم بلے باز محمد حفیظ پنڈلی میں چوٹ کے باعث میچ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔

بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے مینیجر انتخاب عالم نے بتایا کہ محمد حفیظ موہالی میں ٹیم پریکٹس کے دوران زخمی ہوئے۔

انتخاب عالم نے مزید بتایا کہ وہاب ریاض کو بھی پریکٹس کے دوران گردن پر شعیب ملک کی جانب سے پھینکی جانے والی تھرو لگی تھی۔ تاہم ان کے مطابق وہاب ریاض کا سکین تھیک آیا ہے اور وہ اب فٹ ہیں۔

نیوزی لینڈ نے سپر ٹین مرحلے میں آسٹریلیا اور انڈیا کو شکست دے کر مسلسل دو کامیابیاں حاصل کی ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشننیوزی لینڈ نے سپر ٹین مرحلے میں آسٹریلیا اور انڈیا کو شکست دے کر مسلسل دو کامیابیاں حاصل کی ہیں

دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی تسلیم کرتے ہیں کہ انڈیا کے خلاف میچ میں غلطیاں سرزد ہوئیں لیکن وہ ٹیم پر کی جانے والی تنقید کو ایک جانب رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں جو ان کے لیے بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

آفریدی کا کہنا تھا کہ موہالی میں کنڈیشنز پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے لیے برابر ہیں لہٰذا یہ کہنا درست نہیں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو یہاں سبقت حاصل رہے گی۔

جبکہ نیوزی لینڈ کے کوچ مائک ہیسن کہتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم ناقابل اعتبار مگر مہارت سے بھری ہوئی ہے اور اس کی سب سے بڑی خوبی اس کا لیفٹ آرم پیس اٹیک ہے جس میں بہت ورائٹی موجود ہے اور اس کا مقابلہ کرنا ایک چیلنج ہے۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان اب تک 14 ٹی 20 میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے آٹھ اور نیوزی لینڈ نے چھ میں فتح حاصل کی تھی۔