شاہد آفریدی بخار میں مبتلا، پریکٹس بھی نہیں کر سکے

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے منگل کو ٹیم کے تربیتی سیشن میں شریک نہیں ہوئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم جب پریکٹس کے لیے ایڈن گارڈن سٹیڈیم پہنچی تو شاہد آفریدی اس کے ساتھ نہیں تھے۔
کولکتہ میں موجود بی بی سی اردو کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق انھیں بتایا گیا ہے کہ آفریدی بخار میں مبتلا ہیں۔
پاکستان ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں اپنا پہلا میچ بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے والا ہے اور تاحال یہ واضح نہیں کہ شاہد آفریدی اس میچ میں شرکت کریں گے یا نہیں۔
ان کی عدم شرکت کی صورت میں ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر اور نائب کپتان سرفراز احمد کریں گے۔
ان کی قیادت میں ٹیم یہ میچ تو جیت گئی تھی تاہم آفریدی جہاں پہلے صفر پر آؤٹ ہوئے وہیں انھوں نے مقررہ چار اوورز میں دس رنز فی اوور کی اوسط سے 40 رنز دیے اور کوئی وکٹ لینے میں بھی ناکام رہے۔
ورلڈ ٹی 20 سے قبل بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایشیا کپ مقابلوں میں بھی شاہد آفریدی کی کارکردگی پر تنقید ہوتی رہی اور یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ کپتانی تو ایک طرف کیا وہ ٹیم میں شامل کیے جانے کے بھی اہل ہیں یا نہیں۔
تاہم ایشیا کپ سے واپسی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے واضح کر دیا تھا کہ شاہد آفریدی ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے لیے پاکستانی ٹیم کے کپتان رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آفریدی نے اس ٹورنامنٹ کے بعد ریٹائر ہونے کا اعلان کیا ہوا ہے اور ایک طویل عرصے تک پاکستان کے لیے کھیلنے والے کھلاڑی کو اس موقع پر ڈراپ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔



