عماد وسیم کی عمدہ بولنگ، پاکستان کی 15 رنز سے جیت

عماد وسیم سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنعماد وسیم سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے

بھارت میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں سپر 10 مرحلے کے آغاز سے قبل کھیلے گئے وارم اپ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 15 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا سکی۔

عماد وسیم سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ انھوں نے چار اوورز میں 25 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل 30 اور لہیرو تھری مانے 45 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

تلکرتنے دلشان صفر، اینجیلو میتھیوز دس اور کپوگیدرا 14 رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم کے علاوہ محمد عرفان نے دو اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہد آفریدی نے چار اوورز میں 40 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔

محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 70 رنز کی اننگز کھیلی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 70 رنز کی اننگز کھیلی

اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے سب سے زیادہ 70 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور نو چوکے شامل ہیں۔

شرجیل خان 23، احمد شہزاد 18، سرفراز احمد 12 اور عمر اکمل 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان شاہد آفریدی بنا کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے تھیسرا پریرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی ٹیم اس عالمی ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے تاہم حالیہ کچھ عرصے میں ٹی 20 مقابلوں میں اس کا کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی۔

پاکستانی ٹیم بھی اس ٹورنامنٹ سے قبل بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ جیتنے میں ہی کامیاب ہو سکی۔

آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت پاکستان ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہے۔

پاکستانی ٹیم کی بھارت میں حفاظت کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپاکستانی ٹیم کی بھارت میں حفاظت کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں

ابتدائی شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم کو بنگال کی ریاستی ٹیم کے خلاف بھی ایک وارم اپ میچ کھیلنا تھا تاہم پاکستانی ٹیم کے بھارت نہ پہنچ پانے کی وجہ سے اس منسوخ کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کی ٹیم کپتان شاہد آفریدی کی قیادت میں سنیچر کو کولکتہ پہنچی ہے اور وہ ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں سپر 10 مرحلے میں اپنے دو ابتدائی میچ کھیلے گی۔

اس مرحلے میں پاکستان کا پہلا میچ 16 مارچ کو بنگلہ دیش کے خلاف ہے جس نے کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ اے سے ورلڈ ٹی 20 کے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائی ہے۔

اس کے بعد 19 مارچ کو پاکستانی کرکٹرز اپنے روایتی حریف بھارت کا سامنا کریں گے۔ یہ میچ پہلے دھرم شالہ میں منعقد ہونا تھا تاہم آئی سی سی نے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے اسے بھی کولکتہ منتقل کر دیا ہے۔