پاکستانی ٹیم کولکتہ پہنچ گئی، سینکڑوں شائقین نےاستقبال کیا

،تصویر کا ذریعہGetty

آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں شرکت کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کے شہر کولکتہ پہنچی جہاں سینکڑوں شائقین نے ٹیم کا استقبال کیا ہے۔

جوں ہی شاہد آفریدی اور ان کی ٹیم کے دیگر ارکان ہوائی اڈے سے باہر آئے تو وہاں پر پہلے سے جمع سینکڑوں شائقین نے ان کا استقبال کیا، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم کے کپتان نے بھی گرم جوشی کا اظہار کیا۔

اس کے بعد پاکستان ٹیم خصوصی بسوں میں سوار ہو کر اپنے ہوٹل روانہ ہوگئی۔

کولکتہ ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد کھلاڑیوں کو امیگریشن کی کارروائی مکمل کرنے میں محض آدھاگھنٹہ لگا۔

اس مرحلے سےگزرنے کے بعد جوں ہی کھلاڑی ایئر پورٹ کی عمارت سے باہر نکلے سینکڑوں شائقین نے تالیوں کی گونج میں ان کو بھارت میں خوش آمدید کہا۔ اس موقعے پر کچھ شائقین نے ٹیم انڈیا زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

پاکستانی ٹیم کی آمد کے موقعے پر کولکتہ کے ایئر پورٹ پر حفاظتی انتظامات انتہائی سخت تھے اور کمانڈوز سمیت سکیورٹی کے دیگر اداروں سینکڑوں چاک و چوبند اہلکار ایئر پورٹ کے مختلف مقامات کی نگرانی کر رہے تھے۔

کولکتہ کے ہوائی اڈے پر حفاظتی انتظامات انتہائی سخت تھے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکولکتہ کے ہوائی اڈے پر حفاظتی انتظامات انتہائی سخت تھے

ٹیم کا استقبال کرنے کے لیے بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط بھی موجود تھے۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے ایک ٹویٹ بھی کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم آپ کو بھارت میں خوش آمدید کہتے ہیں، اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیجیےاور ہم لوگ یہاں کولکتہ میں آپ کا حوصلہ بڑھانے کے لیے موجود ہوں گے۔‘

سنیچر کو ہی پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم بھی خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے چینئی پہنچی۔

پاکستانی ٹیم کی بھارت پہنچنے میں تاخیر کی وجہ سے مغربی بنگال کی ٹیم کے خلاف وارم اپ میچ منسوخ کرنا پڑا اور اب پاکستانی ٹیم اپنا آزمائشی میچ سری لنکا کے خلاف پیر کو کھیلے گی۔

خیال رہے کہ سکیورٹی خدشات کی بنا پر آئی سی سی نے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کا میچ دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کی مردوں کی ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف کھیلے گی جبکہ 19 مارچ کو اس کا مقابلہ بھارت کے ساتھ ہو گا۔