شارجہ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کی فتح

محمد حفیظ نے 35 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ نے 35 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو تین رنز سے شکست دے دی ہے۔

یہ ٹورنامنٹ میں پشاور کی ٹیم کی تیسری فتح ہے۔

جمعرات کو شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور نے پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

جواب میں کراچی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنا سکی۔

کراچی کو آخری اوورز میں 13 رنز درکار تھے لیکن ڈیرن سیمی کی پہلی گیند پر چھکا لگنے کے باوجود کراچی کے بلے باز بقیہ پانچ گیندوں پر مزید تین رنز ہی بنا پائے۔

اس سے قبل اننگز کے 18ویں اوور میں سہیل تنویر اور روی بوپارا نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔

انھوں نے شان ٹیٹ کے آخری اوور میں 26 رنز بنائے لیکن پھر وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی کی اچھی بولنگ نے کراچی کے لیے ہدف کا حصول ناممکن بنا دیا۔

بوپارا نے 33 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تنویر 23 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔

ان دونوں کے علاوہ کراچی کنگز کے لیے جیمز ونس نے اچھی بلے بازی کی اور 44 رنز بنائے۔

پشاور کی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنپشاور کی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے دو جبکہ شان ٹیٹ، محمد اصغر، ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے پشاور کی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے جمعرات کی شام ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے پہلی وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کر دکھایا۔

اس موقع پر محمد حفیظ 35 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنانے کے بعد روی بوپارا کی گیند پر امپائر کے غلط فیصلے کا شکار ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اپنے اگلے اوور میں بوپارا نے تمیم اقبال کی وکٹ بھی حاصل کی جنھوں نے 37 رنز بنائے۔

ان دونوں کے علاوہ کامران اکمل نے 30 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

آخری اوورز میں شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پشاور کی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز دونوں کا چوتھا میچ ہے۔

اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں سے کراچی نے ایک میچ جیتا ہے جبکہ پشاور نے اپنے تین میچوں میں سے دو میں فتح حاصل کی ہے۔