پی ایس ایل:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتوحات کا سلسلہ جاری

،تصویر کا ذریعہPSL

پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا تھا جو اُس نے سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لگاتار تیسری فتح اور پشاور زلمی کی پہلی شکست ہے۔

اتوار کی شب کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر مخالف ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

پشاور زلمی کے اوپنرز محمد حفیظ اور تمیم اقبال 22 رنز کی شراکت کے بعد 24 کے مجموعی سکور پر اوپر تلے آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد بھی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور ایک موقعے پر پشاور زلمی کی نصف ٹیم 59 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد ڈیرن سیمی اور شاہد یوسف کے درمیان 57 رنز کی شراکت داری کی وجہ سے پشاور کی ٹیم قدرے بہتر ہدف فراہم کرنے میں کامیاب ہو سکی۔

سمی نے سب سے زیادہ 48 رنز بنائے اور شاہد یوسف 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے آل راؤنڈر محمد نواز نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 136 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو 35 کے مجموعی سکور پر اس کے اوپنرز احمد شہزاد اور لیوک رائٹ بھی آؤٹ ہو گئے۔

ایسے میں کیون پیٹریسن نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ساتھی بلے بازوں کے ساتھ مل کر سکور آگے بڑھایا۔

18ویں اوور میں میچ اُس وقت دلچسپ ہو گیا جب پیٹرسن 35 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

آخری اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ رنز درکار تھے جو اُس نے پانچویں گیند پر حاصل کر لیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سعید اجمل نے تین وکٹیں حاصل کیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سعید اجمل نے تین وکٹیں حاصل کیں

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی فتح

اس سے پہلے اتوار کو ہی کھیلے جانے والے لیگ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو دو رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کی۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔

جواب میں کراچی کنگز 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز ہی بنا سکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے خالد لطیف 39 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ اس کے علاوہ شرجیل خان نے 28 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے بولنگ میں بوپارا نے دو کٹیں حاصل کیں۔

جواب میں کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور تین کے سکور پر اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

اس اننگز میں جہاں تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے وہیں پانچ کھلاڑیوں کا سکور دہرے ہندسے میں داخل نہیں ہو سکا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سعید اجمل 3 اوورز میں تین وکٹیں حاصل کر کے نمایاں بولر رہے۔