سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کامیاب

،تصویر کا ذریعہPSL
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد ہونے والی پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 129 رنز کا ہدف 16 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
لوک رائٹ نےشاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 53 گیندوں پر چار چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ان کا ساتھ دینے والے بیٹسمین محمد نواز نے 22 رنز بنائے۔
محمد نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی احمد شہزاد تھے جو 11 رنز بنا کر عمران خالد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کیون پیٹرسن تھے جو آٹھ رنز بنا کر عمران خالد کا شکار بنے۔
اس سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا۔

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان سپر لیگ کا پہلا اوور میڈن گیا اور شین واٹسن کی بھرپور کوشش کے باوجود انور علی نے ان کو رن بنانے نہیں دیا۔
شرجیل خان کو ذوالفقار بابر نے آؤٹ کیا۔ دو گیندیں قبل ہی شرجیل نے چھکا مارا اور ایک اور شاٹ کھیلتے ہوئے شرجیل آؤٹ ہو گئے۔
عمر امین بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے اور ان کو عمر گل نے آؤٹ کیا۔
شین واٹسن کی وکٹ محمد نواز نے لی۔ وہ 15 رنز بنا سکے۔
بابر اعظم 15، بلنگز دو اور عمران خالد چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان تینوں کو بھی محمد نواز نے آؤٹ کیا۔
کپتان مصباح الحق 41 رنز بنا کر انور علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ آندرے رسل 35 اور سیمیوئل بدری دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

،تصویر کا ذریعہOther
اس سے قبل دبئی کے سٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب میں پاکستان سپر لیگ کا آغاز کیا گیا۔ پانچوں ٹیموں کے مالکان ٹیموں سمیت ہمر لموزین میں گراؤنڈ میں پہنچے۔
پاکستان سپر لیگ کے نام سے ہونے والے اس ایونٹ میں پانچ ٹیمیں شریک ہیں جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندر، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔



