ٹینس سٹار اینڈی مرے باپ بن گئے

،تصویر کا ذریعہ
برطانیہ کے ٹینس سٹار اینڈے مرے کی بیوی کِم سیئرز نے اتوار کی رات ایک لڑکی کو جنم دیا ہے۔
اینڈی مرے اور کِم سیئرز نے گذشتہ سال اپریل میں اینڈی مرے کے آبائی شہر ڈنبلین میں شادی کی تھی۔
اینڈی مرے کی دادی شرلی ارسکین کا کہنا ہے کہ وہ لڑکی کی پیدائش پر بہت زیادہ خوش ہیں۔
اینڈی مرے نے گذشتہ ماہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں نواک جوکووچ کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا تھا کہ ان کی فیملی ان کی ’ترجیح‘ ہو گی۔
ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر براجمان اینڈی مرے نے واضح کیا تھا کہ اگر ان کے پہلے بچے کی پیدائش وقت سے پہلے پیدا ہوئی تو وہ سال کے پہلے گرینڈ سلیم کو چھوڑ کر گھر واپس چلے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ’میرے لیے ٹینس کے میچ سے زیادہ میرا بچہ اور میری بیوی زیادہ اہم ہیں۔‘
اینڈی مری کے بقول ’یہ میرے اور میری بیوی کے لیے بہت بڑی تبدیلی ہے تاہم یہ موجودہ ترجیح ہے اور اس کے بعد میں دیکھوں گا کہ کہ مجھے کیا کرنا ہے۔ مجھے اس بات کا کوئی اندازہ نہیں ہے کہ چیزیں کیسے تبدیل ہوں گی۔ میں اب بھی اپنے کھیل سے محبت کرتا ہوں۔‘
اینڈی مرے نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں نواک جوکووچ کے ہاتھوں شکست کے بعد روتے ہوئے اپنی بیوی سے کہا تھا کہ وہ اگلی فلائٹ سے ڈنبلین آ رہے ہیں۔
فائنل میں شکست کے بعد تماشائیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے اپنی بیوی کو، جو ان کا میچ دیکھ رہی تھیں، یہ پیغام دیا: ’تم گذشتہ دو ہفتوں سے ایک لیجنڈ کی طرح ہو، میری حمایت کرنے کا بہت شکریہ، میں اگلی فلائٹ سے گھر آ رہا ہوں۔‘
اینڈی مری کے باپ بننے پر کھیلوں کی شخصیات اور سیاست دانوں نے انھیں ٹویٹ کر کے مبارک باد دی ہے۔
سپورٹس براڈ کاسٹر گیبی لوگن کا کہنا تھا ’کِم اور اینڈے مری کو لڑکی کی پیدائش پر بہت زیادہ مبارک ہو۔‘
برطانیہ کے سابق نمبر ایک ٹینس کھلاڑی اینابیل کرافٹ نے بھی جوڑے کو مبارک باد دی۔



