بھارت کے بعد جنوبی افریقہ کے بلے باز بھی مشکل میں

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان موہالی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں پر 28 رنز بنا لیے تھے۔
جمعرات کو شروع ہونے والے میچ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اس کے بلے باز اس کا کوئی خاص فائدہ نہیں اٹھا سکے۔
پہلے روز اس کی پوری ٹیم 201 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کو کم سکور پر آؤٹ کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کی اننگز شروع میں ہی مشکل سے دوچار ہو گئی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے یہاں کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/ECKP90236" platform="highweb"/></link>
نو کے مجموعی سکور پر وین زل ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے اور نو کے سکور پر ہی جدیجہ نے ڈوپلیسس کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔
پہلے دن کے اختتام پر ہاشم آملہ اور ایلگر کریز پر موجود تھے۔
بھارت کی طرف سے اوپنر مرلی وجے نے سب سے زیادہ 75 رن سکور کیے لیکن اس کے علاوہ دیگر بلے باز ناکام رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈین ایلگر نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔

آؤٹ ہونے والے پہلے بھارتی بلے باز شکھر دھون تھے جو بغیر کوئی رن بنائے ہی فیلنڈر کا شکار ہوگئے تھے۔
دوسری وکٹ پجارا کی گری جو 31 رن پر ایلگر کی ایک گیند پر پر ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے۔ تیسری وکٹ کپتان وراٹ کوہلی کی گری جو ایک رن بنا کر رابادا کی ایک گيند پر اپنا کیچ ایلگر کو تھما بیٹھے۔

اجنکیا راہانے بھی محض پندرہ رن بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے فورا بعد وردھان ساہا بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین واپس ہوگئے، یہ دونوں کھلاڑي الیگر کا نشانہ بنے جن کا کیچ ہشم آملہ نے پکڑا۔
جب بھارت کی تمام امیدیں مرلی وجے سے وابستہ تھیں تو ہارمیر کی ایک گيند پر وہ ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے۔ امت مشرا کا کیچ ایلگر کی ایک بال پر ڈیل سٹین نے پکڑا۔
اجے جڈیجہ 38 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جنھیں فیلینڈر نے آؤٹ کیا اور پھر اس کے فورا بعد عمران طاہر نے امیش یادو کو پانچ رن پر اور ورن آئرون کو صفر پر بولڈ کرکے بھارتی اننگ ختم کردی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔
اس سے قبل اسی دورے کے دوران ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ بھارت کو شکست دے چکا ہے۔
عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ اس وقت اول نمبر پر ہے اور وہ چاہے گا کہ اس کی یہ پوزیشن برقرار رہے جبکہ بھارت اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد ٹیسٹ میچوں میں واپسی کرنے کی کوشش کرے گا۔
ماضی میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 29 ٹیسٹ میچ ہوچکے ہیں جن میں سے بھارت نے سات جبکہ جنوبی افریقہ نے 13 میچ جیتے ہیں۔ باقی نو میچ بغیر ہار جیت کے نتیجے کے ختم ہوئے۔



