ڈی ویلیئرز کی سنچری رائیگاں گئی، بھارت فاتح

ابراہم ڈی ویلیئرز نے ون ڈے کریئر کی 22ویں سنچری بنائی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنابراہم ڈی ویلیئرز نے ون ڈے کریئر کی 22ویں سنچری بنائی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے

بھارت نے پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ کو 35 رن سے شکست دے کر سیریز دو دو سے برابر کر دی ہے۔

چنّئی میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور آٹھ وکٹوں کے نقصان 299 پر رن بنائے۔

جواب میں جنوبی افریقی ٹیم ابراہم ڈی ویلیئرز کی عمدہ بلے بازی کے باوجود مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز ہی بنا سکی۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90234" platform="highweb"/></link>

جنوبی افریقہ بلے بازوں نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا لیکن ابراہم ڈی ویلیئرز اور کوئنٹن ڈی کاک کے علاوہ کوئی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر سکا۔

ڈی ویلیئرز نے ون ڈے میں 22ویں سنچری بنائی جبکہ کوئنٹن ڈی کاک نے 43 رنز کی اننگز کھیلی اور ہربھجن سنگھ کی گیند پر کیچ ہوئے۔

بھارت کے لیے بھونیشور کمار نے تین، ہربھجن سنگھ نے دو جبکہ اکشر پٹیل، امت مشرا اور موہت شرما نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل بھارتی اننگز کی خاص بات وراٹ کوہلی کی شاندار سنچری تھی۔ وہ اننگز کے اختتامی اوورز میں پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 138 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

وارٹ کوہلی نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 23ویں سنچری بنائی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنوارٹ کوہلی نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 23ویں سنچری بنائی

یہ ایک روزہ کرکٹ میں ان کی 23ویں سنچری تھی۔

کوہلی کے علاوہ گذشتہ میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے سریش رائنا نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور نصف سنچری بنائی جبکہ ریہانے پانچ رن کی کمی سے نصف سنچری تک نہ پہنچ سکے۔

اس میچ میں بھارتی اوپنرز ناکام رہے اور بھارت کی ابتدائی دو وکٹیں 35 رن پر گر گئی تھیں۔

تاہم اس کے بعد کوہلی نے پہلے اجنکیا ریہانے اور پھر سریش رائنا کے ساتھ مل کر بھارت کو ایک اچھے سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔

گذشتہ میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے سریش رائنا نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور نصف سنچری بنائی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنگذشتہ میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے سریش رائنا نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور نصف سنچری بنائی

کوہلی نے ریہانے کے ساتھ 104 جبکہ رائنا کے ساتھ مل کر 127 رن کی شراکت قائم کی۔

اس سیریز کے دوران کوہلی عمدہ فارم میں ہیں اور انھوں نے تیسرے ون ڈے میچ میں بھی نصف سنچری بنائی تھی۔

جنوبی افریقہ کے لیے ربادا اور سٹین نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مورس نے ایک وکٹ لی۔