فیفا بدعنوانی: جوش ماریا مارن امریکی عدالت میں

فیفا بدعنوانی کیس میں گرفتار ہونے والے عہدےدار

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفیفا بدعنوانی کیس میں گرفتار ہونے والے عہدےدار

گذشتہ برس برازیل میں فٹ بال کے عالمی کپ کے انتظامی امور کی سربراہی کرنے والے جوش ماریا مارن امریکی عدالت میں اپنے خلاف کرپشن کے الزمات کا سامنا کررہے ہیں تاہم انھوں نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔

زیورخ سے امریکہ منتقلی کے بعد وہ نیویارک کی عدالت میں پیش ہوئے۔ جہاں انھوں نے کہا کہ وہ بے قصور ہیں۔

جوش ماریا مارن فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی گورننگ باڈی کے ان سات اہلکاروں میں شامل ہیں جنھیںرواں سال مئی میں سویٹزرلینڈ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

جوش ماریا مارن سنہ 2014 کے عالمی کپ کے منتظمین میں شامل تھے۔ ان پر الزام ہے کہ انھوں نے امریکہ اور برازیل میں کھیلوں کی کمپنیوں کے ساتھ رابطوں میں لاکھوں ڈالر رشوت لی۔

اگر ان پر یہ الزامات ثابت ہوئے تو انھیں 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

فیفا کے79 سالہ صدر بلیٹر سنہ 1998 سے فیفا کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں اور ہمیشہ ہی کسی بھی قسم کے ناجائز اقدامات سے انکار کرتے آئے ہیں۔ تاہم ان کے خلاف بھی سوئس حکام کی جانب سے تحقیقات کا آغاز دو ماہ قبل ہوا۔