فیفا کی صدارت کے لیے سات امیدوار

ان انتخابات کا مقصد تنظیم کے موجودہ صدر سیپ بلیٹر کا جانشین تلاش کرنا ہے جو بدعنوانی کی تحقیقات کے تحت معطل ہیں
،تصویر کا کیپشنان انتخابات کا مقصد تنظیم کے موجودہ صدر سیپ بلیٹر کا جانشین تلاش کرنا ہے جو بدعنوانی کی تحقیقات کے تحت معطل ہیں

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے 26 فروری سنہ 2016 کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں سات امیدوار حصہ لیں گے۔

ان امیدواروں میں پرنس علی بن الحسین، موسیٰ بیلیٹی، ژیروم شانپانی، جانی انفینتینو، میشیل پلاٹینی، شیخ سلمان بن ابراہیم الاخلیفہ اور توکیو سیکسوالے شامل ہیں۔

ٹرینیڈاڈ کے سابق فٹبالر ڈیوڈ ناہید کا نام اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تاہم ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے بھی فیفا کی صدارت کے لیے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے۔

ان انتخابات کا مقصد تنظیم کے موجودہ صدر سیپ بلیٹر کا جانشین تلاش کرنا ہے جو بدعنوانی کی تحقیقات کے تحت معطل ہیں۔

79 سالہ بلیٹر نے رواں برس جون میں اعلان کیا تھا کہ وہ فٹبال کی گورننگ باڈی میں بدعنوانی کا سکینڈل سامنے آنے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ فیفا کی ضابطۂ اخلاق کمیٹی نے تنظیم کے صدر سیپ بلیٹر اور یوئیفا کے صدر مائیکل پلاٹینی کو 90 دن کے لیے معطل کر دیا تھا۔

تاہم فیفا کی انتخابی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اگر مائیکل پلاٹینی کی معطلی صدارتی انتخاب کی تاریخ سے پہلے ختم ہو جاتی ہے تو وہ اس انتخاب میں حصہ لے سکتے ہیں۔

فیفا کی ضابطہ اخلاق کی کمیٹی نے گذشتہ ماہ سیپ بلیٹر اور مائیکل پلاٹینی سے بعض بےضابطگیوں کے متعلق پوچھ گچھ کی تھی۔

یہ قدم سوئٹزرلینڈ کے اٹارنی جنرل کی جانب سےسیپ بلیٹر کے خلاف مجرمانہ تفتیش کے آغازکے بعد اٹھایا گيا تھا۔