بیگمات نے نہ کرکٹ پر بات کی نہ پیغام پہنچائے

 پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ایک ٹی وی چینل پر انٹرویو میں کہا تھا کہ شیوسینا کے حملے کے بعد پاک بھارت کرکٹ بورڈز کے سربراہان کے درمیان ان دونوں کی بیگمات کے ذریعے رابطہ ہوا تھا اور شہریارخان نے اصل بات چھپائی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ایک ٹی وی چینل پر انٹرویو میں کہا تھا کہ شیوسینا کے حملے کے بعد پاک بھارت کرکٹ بورڈز کے سربراہان کے درمیان ان دونوں کی بیگمات کے ذریعے رابطہ ہوا تھا اور شہریارخان نے اصل بات چھپائی ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان نے نجم سیٹھی کے اس بیان کی سختی سے تردید کی ہے کہ ان کے حالیہ دورۂ بھارت میں بی سی سی آئی کے صدر دفتر پر شیو سینا کے حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر نے ان سے رابطہ دونوں کی بیگمات کے ذریعے کیا تھا۔

شہریارخان نے دبئی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ملاقات میں واضح کردیا کہ ان کی بیگم اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی بیگم نے کرکٹ کے معاملے میں کسی بھی قسم کی کوئی پیغام رسائی نہیں کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ششانک منوہر کی بیگم نے پرانی واقفیت اور مہمان نوازی کے طور پر ان کی بیگم سے ذاتی نوعیت کی گفتگو کی تھی اور شاپنگ کی دعوت بھی دی تھی جس پر وہ ایک ساتھ شاپنگ کرنے بھی گئی تھی۔

شہریارخان نے کہا کہ اسے بیک چینل نہیں کہا جاسکتا جس کے ذریعے کرکٹ کی بات کی جاتی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ایک ٹی وی چینل پر انٹرویو میں کہا تھا کہ شیوسینا کے حملے کے بعد پاک بھارت کرکٹ بورڈز کے سربراہان کے درمیان ان دونوں کی بیگمات کے ذریعے رابطہ ہوا تھا اور شہریارخان نے اصل بات چھپائی ہے۔

شہریارخان نے میڈیا کے نمائندوں کے سامنے اپنی اس بات کو دوہرایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے جب انھیں بات چیت کی منسوخی کے بارے میں بتایا تو اس کے بعد سے بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور اس واقعے پر معذرت تک کی زحمت گوارا نہیں کی۔