کیا جنوبی سوڈان اپنا پہلا فٹبال ورلڈ کپ کھیلے گا؟

جنوبی سوڈان کی ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ بہت سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے ہمیں جیتنے کی ضرورت ہے اور ہم جیتیں گے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجنوبی سوڈان کی ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ بہت سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے ہمیں جیتنے کی ضرورت ہے اور ہم جیتیں گے

جنوبی سوڈان کی فٹ بال ٹیم بدھ کو اپنے پہلے ورلڈ کپ کوالیفائر میں کھیلتے ہوئے موریتانیہ کی ٹیم کا سامنا کرے گی۔

جنوبی سوڈان اپنی آزادی کے ایک سال بعد یعنی سنہ 2012 سے بین الاقوامی فٹ بال سے وابستہ ہے اور یہ جنوبی سوڈان کی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج ہے۔

پانچ ستمبر کو کھیلے گئے افریقہ کپ آف نیشنز 2017 کے کوالیفائنگ میچ میں ایکواٹوریل گنی کو 0-1 سے شکست دینے کے بعد جنوبی سوڈان کی ٹیم کافی پرجوش ہے۔

جنوبی سوڈان کی فٹ بال ٹیم کے کپتان رچرڈ جسٹن لاڈو نے فیفا ویب سائٹ کو بتایا کہ ’ہم مکمل طور پر تیار ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے اور ہم حیرت انگیز کھیل پیش کرسکتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے کوچ سونگی جیا لی نے کھیل کا ایسا ایک انداز تشکیل دیا ہے جو دفاعی نظم وضبط اور جوابی حملوں پر مبنی ہے۔ اور میرا خیال ہے کہ اس کی بدولت ہم دوسری ٹیم کا کچھ نقصان کرسکتے ہیں۔ بہت سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے ہمیں جیتنے کی ضرورت ہے اور ہم جیتیں گے۔‘

تاہم فیفا رینکنگ میں موریتانیہ جنوبی سوڈان سے 55 درجے اوپر ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ کھیل پر اپنی اجارہ داری برقرار رکھیں گے۔

بدھ کو بھی ملاوی کی ٹیم بھی پہلے راؤنڈ میں اپنے پہلے مقابلے کے لیے تنزانیہ جائے گی۔

ملاوی کے کوچ ارنسٹ متاوالی نے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی گابیدن ہیوو مہینگو کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے جو بہت عرصے سے گھٹنے کے آپریشن کے باعث نہیں کھیل رہے تھے۔

گول کیپر رچرڈ چپوا کی جگہ سمپلیکس نتھیلا کھیلیں گے جن پر اس سے پہلے موزم بیک فٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک سال کی پابندی لگائی گئی تھی۔

پانچ افریقی ٹیمیں، دو ناک آؤٹ راؤنڈز اور ایک گروپ سٹیج کھیلنے کے بعد 2018 کے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی جو کہ روس میں منعقد ہوگا۔