انگلش پریمیئر لیگ: آرسنل اور چیلسی کو ابتدا میں مشکلات

ویسٹ ہیم کا مضبوط دفاع جیت کی اہم وجہ تھی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنویسٹ ہیم کا مضبوط دفاع جیت کی اہم وجہ تھی

پریمیئر لیگ فٹبال کے سنیچر کو شروع ہونے والے 2015-2016 کےسیزن میں پیر کو مانچسٹر سٹی اور ویسٹ بروم مدمقابل ہوں گے۔

اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں آرسنل کو ویسٹ ہیم سے دو گول سے غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ میں آرسنل نے گول پوسٹ پر 22 حملے کیے اور میچ کے تقریباً 62 فیصد حصے میں فٹبال ان کے کنٹرول میں رہا لیکن ویسٹ ہیم کے مضبوط دفاع کے نتیجے میں وہ گول کرنے میں ناکام رہی۔

ویسٹ ہیم کے مقابلے میں بہتر کلب تصور کیے جانے والے آرسنل کے مینیجر نے سیزن کے پہلے ہی میچ میں شکست کے بعد کہا ہے کہ ان کا کلب اعصابی دباؤ سے جلد نکل آئے گا۔

کلب کے مینیجر آرسن وینگر کے مطابق: ’ہم اس شکست کا جواب دیں گے، ہو سکتا ہے کہ کھلاڑیوں نے اپنے اوپر بہت زیادہ دباؤ لیا ہو، آج ہمیں ذہنی طور پر صدمہ پہنچا ہے اور یہ اچھا وقت ہے کہ اس کا جواب دیا جائے۔

’ہم جارحانہ یا دفاعی کھیلنے پر قائل نہیں تھے، میں جانتا تھا کہ یہ کانٹے کا میچ بن سکتا ہے، اگر ہم جیت نہیں سکتے تو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہم اسے ہاریں بھی نہ۔‘

ویسٹ ہیم کی 2007 کے بعد اس میدان میں پہلی جیت ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنویسٹ ہیم کی 2007 کے بعد اس میدان میں پہلی جیت ہے

ویسٹ ہیم کو لیگ میچوں میں آرسنل کے ہاتھوں مسلسل نو بار شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 2007 کے بعد پہلی بار ایمریٹس سٹیڈیم میں اس نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ یہ آرسنل کے اپنے نئے گراؤنڈ میں پہلی شکست تھی۔

اس کے علاوہ آرسنل اپنے ہوم گراؤنڈ میں گذشتہ پانچ لیگ میچوں میں سے چار میں گول کرنے میں ناکام رہی ہے۔

اس کے علاوہ دوسرے میچ لیور پول نے سٹوک سٹی کو ایک گول سے شکست دی۔

سنیچر کو سیزن کے پہلے دن چھ میچ کھیلے گئے۔ ان میں دفاعی چیمپیئن چیلسی کا مقابلہ سوانسی سٹی سے ایک دلچسپ مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔

میچ میں چیلسی کا کنٹرول 52فیصد جبکہ 48 فیصد کنٹرول سوانسی سٹی کے پاس رہا۔

مانچسٹر یونائٹڈ نے ٹوٹنم کو ایک گول سے جبکہ بورنیماؤتھ کو آسٹن ویلا سے ایک گول سے ہرا دیا۔

تیسرے میچ میں کرسٹل پیلس نے نارویچ سٹی کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

چوتھے میچ لیسٹر سٹی نے سیندرلینڈ کو چار کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سیزن کا عمدہ آغاز کیا۔

اس میچ میں لیسٹر سٹی کو میچ کے شروع میں ہی مخالف ٹیم پر اس وقت نفسیاتی برتریحاصل ہو گئی تھی جب میچ کے ابتدائی 30 منٹ میں یہ تین گول کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

سنیچر کے چھٹے میچ میں واٹفورڈ اور اورٹون کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔