فٹبال بدعنوانی: بولیویا فیڈریشن کے صدر کارلوس شاویزگرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP

بولیویا میں حکام کا کہنا ہے کہ بولیویا فٹبال فیڈریشن کے صدر کارلوس شاویز کو فٹبال میں ہونے والی بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کارلوس شاویز جنوبی امریکہ فٹبال کنفیڈریشن کے خزانچی بھی تھے۔

کارلوس شاویز کی گرفتاری فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی گورننگ باڈی میں ہونے والی وسیع بدعنوانی کی تحقیق کا حصہ ہے۔

بولیویا کے استغاثہ کا کہنا ہے کہ شاویز پر ’انتظامی وسائل میں مبینہ بدعنوانی‘ کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ سوئس پولیس کی جانب سے گذشتہ ماہ زیورخ کے ایک ہوٹل میں پولیس چھاپے کے بعد فیفا کے 14 سابق اور موجودہ اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا تھا اور ان پر بدعنوانی کے سنگین مقدمات قائم کیے تھے۔

امریکہ کے محکمۂ انصاف کی جانب سے جن 14 افراد پر ریکٹیئرنگ اور غیر قانونی طور پر پیسے کے لین دین کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی گئی تھی ان میں سے فیفا کے سات اعلیٰ اہلکار شامل تھے۔

اس کے علاوہ مئی میں سوئس استغاثہ کی جانب سے بھی الگ سے سنہ 2018 اور سنہ 2022 کے عالمی کپ مقابلوں سے متعلق ’نامعلوم افراد کے خلاف مجرمانہ بدانتظامی اور منی لانڈرنگ‘ کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔