شعیب ملک انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ میں شامل

شعیب ملک

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشعیب ملک نے زمبابوے کے دورے پر اچھا کھیل پیش کیا تھا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

سابق کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کو انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ میں 16ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید کا کہنا ہے کہ شعیب کی سکواڈ میں شمولیت کی درخواست ٹیم کے مینیجر انتخاب عالم نے کی تھی۔

ان کے مطابق انتخاب عالم کا موقف تھا کہ شعیب ملک کو ان کی موجودہ ون ڈے اور ٹی 20 کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل کیا جائے، چنانچہ سلیکشن کمیٹی نے شعیب ملک کو ان کی موجودہ عمدہ فارم اور آف سپن بولنگ کی اضافی خوبی کے پیش نظر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیسٹ ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 13 اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

شعیب ملک کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ اس لیے حیران کن ہے کہ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے یہ واضح طور پر کہا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف پریکٹس میچوں میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر دو لیفٹ آرم سپنرز محمد اصغر یا گوہر ظفر میں سے کسی ایک کو 16ویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہارون رشید نے یہی بات بلال آصف کے بارے میں بھی کہی تھی کہ مصباح الحق اور ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے بعد یہ طے پایا ہے کہ اگر بلال آصف نے متاثر کن بولنگ کی تو 16ویں کھلاڑی کے طور پر ان کی سلیکشن پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔

تاہم آئی سی سی کی جانب سے بلال آصف کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کے بعد یہ ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔

شعیب ملک نے زمبابوے کے دورے پر کھیلے گئے دو ٹی 20 میچوں میں 35 اور 15 رنز بنائے جبکہ ون ڈے سیریز میں انھوں نے 31، 96 ناٹ آؤٹ اور 34 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلیں۔

شعیب ملک 32 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، تاہم انھوں نے اپنا آخری ٹیسٹ پانچ سال پہلے کھیلا تھا۔