کم روشنی میں جیت کی امیدگم ہوگئی، سیریز برابر

چبھابھا دوسری بار پاکستان کے خلاف نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی پہلی سنچری سے محروم ہوگئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنچبھابھا دوسری بار پاکستان کے خلاف نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی پہلی سنچری سے محروم ہوگئے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

زمبابوے نے پاکستان کے خلاف دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پانچ رنز سے جیت لیا۔اس کے ساتھ ہی سیریز بھی برابر ہوگئی اور اب فاتح کا فیصلہ تیسرے اور آخری ون ڈے میں ہوگا۔

زمبابوے کی ٹیم دونوں ٹی ٹوئنٹی میں بھی جیت کے بہت قریب آکر اس سے دور ہوگئی تھی۔ اس بار بھی وہ واضح فرق سے جیتنے کی پوزیشن میں آئی لیکن شعیب ملک کی ناقابل شکست 96 رنز کی جرات مندانہ بیٹنگ نے پاکستانی ٹیم کی امیدوں کو پھر سے زندہ کردیا تھا۔

میزبان ٹیم کو اگرچہ جیت ملی لیکن وہ سادہ فرق کے بجائے اعدادوشمار کے گورکھ دھندے والے قانون کے ذریعے تھی۔

پاکستانی ٹیم دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔ اس دورے کے کامیاب کھلاڑی عماد وسیم کو آرام دینے کے نام پر باہر بٹھانے کے غلط تجربے نے سب کو چونکا دیا۔

عماد وسیم نے دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد پہلے ون ڈے میں ایک وکٹ حاصل کرنے کے علاوہ 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔

احمد شہزاد کا موجودہ غیر تسلی بخش کارکردگی پر باہر کیا جانا حیران کن نہیں تھا۔ان کی جگہ آف سپن آل راؤنڈر بلال آصف کو پہلی بار موقع دیا گیا۔

عماد وسیم کی جگہ ٹیم میں آنے والے اسد شفیق ایک بار پھر کوئی خاص تاثر چھوڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

اسد شفیق ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ بناچکے ہیں لیکن ون ڈے کی ٹیم میں ان کے قدم جمانے کی جتنی بھی کوششیں کی گئی ہیں وہ بارآور ثابت نہیں ہوسکی ہیں۔

وہاب ریاض نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنوہاب ریاض نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا

نیوزی لینڈ اور زمبابوے کے خلاف آخری سات اننگز میں ان کا سب سے بڑا سکور صرف 39 رنز رہا ہے اور سلیکٹرز انھیں ون ڈے کا بیٹسمین ثابت کرنے پر مصر ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے اس دورے میں پہلی بار ہدف عبور کرنے کا فیصلہ کیا لیکن زمبابوے کا سکور 276 رنز اس کے بیٹسمینوں کی دسترس سے دور رہا۔

زمبابوے کی اننگز کی خاص بات چامو چبھابھا اور کپتان ایلٹن چگمبورا کی عمدہ بیٹنگ تھی۔

چبھابھا دوسری بار پاکستان کے خلاف نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی پہلی سنچری سے محروم ہوگئے۔

انھوں نے برائن شاری کے ساتھ 91 اور چگمبورا کے ساتھ 59 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔

چگمبورا نے نصف سنچری سکور کی اور 32 رنز بنانے والے سکندر رضا کے ساتھ نصف سنچری شراکت بھی قائم کی۔

پہلے میچ سے مختلف وکٹ پر پاکستان کے چاروں سپنرز کو کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔

اپنا پہلا ون ڈے کھیلنے والے بلال آصف کے آٹھ اوورز میں 39 رنز بنے۔

زمبابوے کی گرنے والی تمام چھ وکٹیں تیز بولرز کے حصے میں آئیں۔

وہاب ریاض نے چار وکٹیں حاصل کرکے اعتماد دوبارہ حاصل کیا کیونکہ سری لنکا کے دورے میں ہاتھ زخمی ہونے کے بعد حالیہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور پھر اس دورے کے ایک ٹوئنٹی اور پہلے ون ڈے میں وکٹیں ان سے روٹھی ہوئی تھیں۔

شعیب ملک نے 106 گیندوں پر 96 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشعیب ملک نے 106 گیندوں پر 96 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے

عامریامین کو بالآخر اپنے دوسرے ون ڈے میں پہلی وکٹ ملی۔

پاکستانی بیٹسمینوں کی باری آئی تو حالات ان کے لیے کبھی بھی اچھے نہیں رہے۔ کپتان اظہرعلی ایک، بلال آصف صفر اور اسد شفیق ایک رن بنا کرآؤٹ ہوئے تو زمبابوے کی گرفت مضبوط ہوتی نظر آرہی تھی اور جب محمد حفیظ، سرفراز احمد اور محمد رضوان نے بھی پویلین کی راہ لی تو پاکستانی ٹیم نوشتہ دیوار پڑھ چکی تھی۔

ایک مرحلے پر پاکستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف اپنے سب سے کم سکور 148 سے بھی کم پر آؤٹ ہونے کے خطرے سے دوچار تھی لیکن شعیب ملک اور عامر یامین کی جرات مندانہ بیٹنگ نے ٹیم کو حوصلہ دیا۔

ان دونوں کے درمیان 111 رنز کی شاندار شراکت عامر یامین کے 62 رنز پر آؤٹ ہونے پر ختم ہوئی جو باہر جاتی گیند کو پل کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

شعیب ملک کو یاسر شاہ کی شکل میں قابل اعتماد پارٹنر ملا تو ہاتھ سے نکلی بازی پھر قابو میں آنے لگی۔

ان دونوں نے نویں وکٹ کی شراکت 63 رنزبنا لیے تھے۔

شعیب ملک 96 اور یاسرشاہ 32 رنز بنا کر کریز پر تھے اور پاکستانی ٹیم کو جیت کے لیے 12 گیندوں میں 21 رنز درکار تھے لیکن کم روشنی میں اس کی جیت کی امید گم ہوگئی۔