پشاور ریجن قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا فاتح

محمد رضوان اور افتخار احمد نے انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد رضوان اور افتخار احمد نے انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں واقع راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹی 20 کپ کے فائنل میچ میں پشاور ریجن نے محمد رضوان اور افتخار احمد کی عمدہ بلے بازی کی بدولت کراچی بلوز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پشاور ریجن نے 178 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

محمد رضوان اور افتخار احمد نے پشاور ریجن کی جانب سے عمدہ اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز بنائے۔

افتخار احمد نے 40 گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے جبکہ ان کا ساتھ دینے والے محمد رضوان نے 34 گیندوں پر ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے اور دونوں بلے باز ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی ریجن کی جانب سے انور علی، شاہد آفریدی اور عبد الامیر نے ایک، ایک، وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی بلوز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے تھے۔

خرم منظور 41 اور سرفراز احمد 47 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ شاہد آفرید صرف 15 رنز ہی بنا سکے۔

شاہد آفریدی کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں تو ناکام رہے تاہم وہ ایک وکٹ لینے میں ضرور کامیاب ہوئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشاہد آفریدی کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں تو ناکام رہے تاہم وہ ایک وکٹ لینے میں ضرور کامیاب ہوئے

پشاور ریجن کی جانب سے اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر عمران خان جونئیر نے اس میچ میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس کے علاوہ عمران خان جو پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں نے دو اور کپتان ذوہیب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل منگل کو کھیلے جانے والے اس فائنل میچ میں پشاور ریجن نے ٹاس جیت کر کراچی بلوز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں تماشائیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پہلے سیمی فائنل میں کراچی بلوز نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان ریجن کو آٹھ رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پشاور نے سیالکوٹ کو پانچ وکٹوں سے ہرایا تھا۔